جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب کو ہونے والے ایک مسلح تصادم میں تین جنگجو مارے گئے ہیں۔
جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے چوہار رانی پورہ میں اتوار کی رات دیر گئے شروع ہونے والا مسلح تصادم تین جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجوئوں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے جبکہ علاقے میں تلاشی آپریشن بھی جاری ہے۔
سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مسلح تصادم کی جگہ سے ایک اے کے رائفل اور دو پستولیں برآمد کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ تلاشی آپریشن جاری ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے چوہار رانی پورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر اننت ناگ پولیس، فوج کی 19 آر آر اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے میں گذشتہ رات دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی ایک مشتبہ جگہ کو گھیرنے لگی تو وہاں موجود جنگجوئوں نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور پر تصادم چھڑ گیا جس میں تین جنگجو مارے گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید تین جنگجوئوں کی ہلاکت کے ساتھ وادی میں رواں برس اب تک مارے جانے والے جنگجوئوں کی تعداد بڑھ کر 116 ہوگئی ہے۔ ان میں مختلف جنگجو تنظیموں کے چھ آپریشنل کمانڈرس بھی شامل ہیں۔