لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر صورتحال قابو میں ہے: لیفٹیننٹ جنرل راجو

    0

    سری نگر: سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو نے کہا کہ لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر صورتحال قابو میں ہے۔وہاں جس کارروائی کی بھی ضرورت پڑے گی بھارتی فوج وہ انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔لیفٹیننٹ جنرل راجو نے جمعہ کے روز یہاں بادامی باغ فوجی چھاونی میں واقع پندرہویں کور کے ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران لداخ کی تازہ صورتحال کے متعلق پوچھے جانے پر کہا: 'لداخ میں آپریشنز فوج کی 14 ویں کور دیکھتی ہیں۔ یہ شمالی کمان کے تحت آتی ہے جس کا ہم بھی حصہ ہیں۔ جہاں تک میری جانکاری کا تعلق ہے وہاں سرحد پر صورتحال قابو میں ہے'۔ان کا مزید کہنا تھا: 'وہاں جس کارروائی کی بھی ضرورت پڑے گی ہم وہ انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں'۔واضح رہے کہ لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر پیر اور منگل کی درمیانی شب کو چین اور بھارت کی افواج کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی جس میں ایک کرنل سمیت 20 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک جب کہ درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔اس ہلاکت خیز جھڑپ کے باعث جہاں لداخ یونین ٹریٹری میں خوف ودہشت کا ماحول سایہ فگن ہے وہیں دوسری طرف سری نگر لیہہ قومی شاہراہ پر فوجی اور جنگی ساز و سامان والی گاڑیوں کی نقل وحمل بڑھ جانے سے بھی لوگوں میں تشویش و فکر مندی مزید بڑھ گئی ہے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS