جنوبی کشمیر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 جنگجو ہلاک

    0

    جنوبی کشمیر کے شوپیاں و پلوامہ اضلاع میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے مابین ہونے والی دو الگ الگ تصادم آرائیوں میں 8 جنگجو مارے گئے ہیں۔
    ضلع شوپیاں کے بنڈپاوا امام صاحب علاقہ میں جمعرات کی دوپہر کو سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے مابین شروع ہونے والی جھڑپ جمعہ کی صبح 5 جنگجوؤں کی ہلاکت کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جبکہ ضلع پلوامہ کے میج پانپور میں جمعرات کی صبح طرفین کے درمیان شروع ہونے والا تصادم 3 جنگجوؤں کی ہلاکت پر ختم ہوا ہے۔
    کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے بتایا کہ میج پانپور تصادم میں جمعرات کے روز ہی ایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا تھا جبکہ دو جنگجوؤں نے ایک مسجد میں پناہ لی تھی جنہیں جمعہ کی صبح مسجد کا تقدس بحال رکھتے ہوئے ہلاک کیا گیا۔
    انہوں نے کہا: 'میج پانپور میں سیکورٹی فورسز کی طرف سے صبر اور پیشہ ورانہ ڈھنگ سے کیا گیا کام کار آمد ثابت ہوا۔ فائرنگ اور آئی ای ڈی کا استعمال نہیں کیا گیا، صرف اشک آور گیس کا استعمال کیا گیا، مسجد کے تقدس کو بحال رکھا گیا اور مسجد میں چھپے دونوں ملی ٹنٹوں کو مارا گیا'۔
    تفصیلات کے مطابق شوپیاں کے بنڈ پاوا علاقے میں جمعرات کی دوپہر کو شروع ہونے والے تصام میں جمعہ کی صبح چار جنگجو ہلاک ہوئے جبکہ ایک جنگجو گذشتہ روز ہی ہلاک ہوا تھا۔
    دریں اثنا سری نگر میں تعینات دفاعی ترجمان راجیش کالیا نے شوپیاں کے بنڈپاوا میں پانچ جنگجوؤں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میج پانپور تصادم میں مسجد میں چھپے دو جنگجوؤں کو بھی جمعہ کی صبح مسجد کا تقدس بحال رکھتے ہوئے مارا گیا۔
    پولیس ذرائع کے مطابق ان آٹھ جنگجوؤں کے ساتھ وادی کشمیر میں سال رواں کے دوران اب تک 102 جنگجو مارے گئے ہیں جبکہ وادی میں 20 مارچ سے شروع ہونے والے لاک ڈاؤن کے دوران اب تک 72 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔
    مہلوکین میں بعض نامور جنگجو کمانڈر بھی شامل ہیں جن میں حزب المجاہدین کے کانڈر ریاض نائیکو اور سینئر حریت لیڈر اشرف صحرائی کے فرزند جنید صحرائی خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔
    قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر میں گذشتہ دو ہفتوں کے دوران 32 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ان جنگجو مخالف آپریشنز کے دوران سیکورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS