جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے ترکہ وانگام میں آج ہونے والے ایک مسلح تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ تین مقامی جنگجو مارے گئے ہیں۔یہ ضلع شوپیاں میں رواں ماہ چلایا جانے والا چوتھا جنگجو مخالف آپریشن تھا جس میں تین جنگجو مارے گئے۔
قبل ازیں 7، 8 اور 10 جون کو بالترتیب شوپیاں کے ربن، پنجورہ اور سگھو ہندہامہ نامی علاقوں میں 14 مقامی جنگجو مارے گئے تھے۔
جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے ترکہ وانگام میں آج صبح چھڑنے والے مسلح تصادم میں تین جنگجو مارے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجووں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق مہلوک جنگجوئوں کی شناخت زبیر احمد وانی ساکنہ ترکہ وانگام، کامران ظہور ساکنہ شاہ آباد کراوو اور منیب الاسلام ساکنہ سوگن شوپیاں کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں حزب المجاہدین سے وابستہ تھے۔
سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے ترکہ وانگام شوپیاں میں منگل کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ طرفین کے درمیان چھڑنے والے مسلح تصادم میں تین جنگجو مارے گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں پولیس کو ملنے والی خفیہ اطلاعات کی بنا پر پولیس، فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے منگل کی علی الصبح ترکہ وانگام میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران وہاں محصور جنگجوئوں کو خودسپردگی اختیار کرنے کی پیش کی گئی لیکن انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا۔
ضلع شوپیاں میں مسلح تصادم کے پیش نظر موبائل انٹرنیٹ خدمات پھر سے منقطع کردی گئی ہیں۔ نیز ضلع تمام حساس جگہوں پر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات رکھی گئی ہے۔
ضلع شوپیاں میں مزید تین جنگجوئوں کی ہلاکت کے ساتھ وادی کشمیر میں رواں برس اب تک مارے جانے والے جنگجوئوں کی تعداد بڑھ کر 103 ہوگئی ہے۔ ان میں سے قریب 73 جنگجو کورونا وائرس لاک ڈائون کے دورے مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق کورونا لاک ڈاؤن کے بیچ کشمیر میں جنگجوؤں کی ہلاکتوں ہی میں اضافہ درج نہیں ہوا ہے بلکہ نوجوانوں کی طرف سے جنگجو تنظیموں میں شمولیت اختیار کرنے کا رجحان بھی ترقی پذیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں سال رواں کے ماہ اپریل کی 7 تاریخ تک مختلف علاقوں میں مسلح تصادم آرائیوں کے دوران 41 جنگجو ہلاک ہوئے تھے جبکہ ماہ رواں کی 16 تاریخ تک یہ تعداد 103 ہوگئی ہے۔
شوپیاں میں ایک اور تصادم، تین مقامی جنگجو ہلاک
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS