کشمیر: شوپیاں میں چار روز میں 12 جنگجو ہلاک

    0

    جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے سگھو ہندہامہ میں آج صبح ہونے والے ایک مسلح تصادم میں تین جنگجو مارے گئے ہیں۔
    یہ ضلع شوپیاں میں گذشتہ چار دنوں کے دوران چلایا جانے والا تیسرا جنگجو مخالف آپریشن تھا جس میں تین جنگجو ہلاک کئے گئے ہیں۔ قبل ازیں 7 اور 8 جون کو بالترتیب ربن اور پنجورہ نامی علاقوں میں 9 جنگجو مارے گئے تھے۔ اس طرح سے ضلع شوپیاں میں گذشتہ چار دنوں کے دوران مارے جانے والے جنگجوئوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہوگئی ہے۔
    جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے سگھو ہندہامہ میں بدھ کی علی الصبح چھڑنے والا مسلح تصادم تین جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجوئوں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے نیز مسلح تصادم کی جگہ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
    سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے سگھو ہندہامہ میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات قریب پونے دو بجے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کی علی الصبح قریب ساڑھے پانچ بجے طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جو تین جنگجوئوں کی ہلاکت پر رک گیا۔
    سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں پولیس، فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے گذشتہ رات دیر گئے سگھو ہندہامہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچی تو وہاں موجود جنگجوئوں نے اس پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا۔
    ذرائع نے بتایا کہ قریب تین گھنٹوں تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں تین جنگجو مارے گئے جن کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
    دریں اثنا ضلع شوپیاں میں ہونے والے ایک کے بعد ایک مسلح تصادم کے پیش نظر موبائل انٹرنیٹ خدمات بدستور منقطع رکھی گئی ہیں۔ نیز ضلع تمام حساس جگہوں پر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات رکھی گئی ہے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS