سرینگر: صریرخالد،ایس این بی
جموں کشمیر میں ایک اعلیٰ بیوروکریٹ کے کووِڈ-19 کا شکار پائے جانے کے بعد ایسے کئی اعلیٰ افسروں کو قرنطینہ ہونے کیلئے کہا گیا ہے کہ جنہوں نے متاثرہ نوکر شاہ کے ساتھ ایک میٹنگ میں شرکت کی تھی۔ اس دوران سابق ریاست میں کرونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ اس مہلک بیماری کا شکار ہوکر لقمۂ اجل بننے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔سوموار کو یہاں پے در پے تین مریضوں کی موت واقع ہونے سے کووِڈ-19کے بہانے مرنے والوں کی تعداد 31ہوگئی ہے۔
معتبر ذرائع نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ ایک اعلیٰ نوکر شاہ کے کووِڈ-19 کا شکار ہونے کے بعد سیول سکریٹریٹ میں کسی حد تک افراتفری کا عالم ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر سکریٹری کی رینک کے ایک افسر کا سنیچر کو ہوائی اڈے پر نمونہ لیا گیا تاہم انہیں جانے دیا گیا اور وہ سیدھا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں پہنچے جہاں انکے کئی سینئروں کے علاوہ انکے مساوی عہدہ رکھنے والے کئی دیگر اعلیٰ اور ماتحت افسران اور ملازمین بھی موجود تھے۔ ذڑائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ ختم ہونے کے بعد مذخورہ افسر کو بتایا گیا کہ انکا نمونہ کووِڈ 19-سے آلودہ پایا گیا ہے لہٰذا انہیں فوری طور تنہائی میں چلے جانا چاہیئے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جب تک مذکورہ افسر پر بُری خبر افشاٗ ہوئی میٹنگ ختم ہوچکی تھی اور شریک افسران ذاتی دفاتر یا گھروں کو لوٹ چکے تھے۔ میٹنگ میں شریک رہے ایک اعلیٰ افسر نے ایک خبر رساں ایجنسی کو بتیا کہ وہ تب گھر پہنچ چکے تھے کہ جب انہیں احتیاطاََ قرنطینہ ہونے کی ہدایت ملی۔انہوں نے کہا کہ چونکہ سبھی افسران تمام تر احتیاط برتتے ہوئے میٹنگ میں شریک ہوئے تھے لہٰذا وہ بہت زیادہ متفکر تو نہیں ہیں لیکن انہیں تنہائی میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سیول سکریٹریٹ میں ذرائع نے بتایا کہ چھوٹے بڑے بیس افسران اور اہلکار شک میں پڑ گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ محکمۂ صحت نے پانچ دن کے بعد مشکوک افسران کے نمونے لیکر انکی جانچ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ محکمہ کے ایک افسر نے بتایا ’’اس حوالے سے ڈبلیو ایچ او اور دیگر اداروں کا جو پروٹوکول ہے اسی کے مطابق نمونے لئے جائیں گے‘‘۔
ایک ساتھ اتنے اعلیٰ افسروں کے قرنطینہ میں جانے کی مجبوری پیدا ہونے کی وجہ سے سکریٹریٹ کا کام متاثر ہو گیا ہے۔ سکریٹریٹ میں تعینات نچلے درجے کے ایک ملازم نے بتایا کہ کئی افسرون دفاتر سے غیر حاضر ہیں اور کام متاثر ہو رہا ہے۔
دریں اثنا سابق ریاست میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ تشویشناک رفتار کے ساتھ جاری ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد بھی بڑھتی ہی چلی جا رہی ہے۔ سوموار کو وادیٔ کشمیر میں پے در پے دو اور جموں میں ایک شخص کی موت واقع ہوجانے سے یہاں کووِڈ 19- کے بہانے مرنے والوں کی تعداد 31ہوگئی ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ اتوار کی رات کو سرکار نے جموں کشمیر میں 8جون تک کیلئے تالہ بندی جاری رکھنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔
اعلیٰ بیوروکریٹ کے کووِڈ-19 کا شکار ہونے کے بعد سیول سکریٹریٹ میں افراتفری، کئی افسروں کو قرنطینہ کی ہدایت
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS