سوشل میڈیا پر بندوقوں کے ساتھ تصویر وائرل ہونے کے بعد کپواڑہ کے تین نوجوان گرفتار

    0

    جموں وکشمیر پولیس نے سرحدی ضلع کپواڑہ کے سوگام لولاب علاقے سے سوشل میڈیا پر بندوقوں کے ساتھ تصاویر 
    شائع کرکے جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت کا اعلان کرنے والے تین نوجوانوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
    ایس ایس پی کپوارہ شری رام امبارکر نے کپوارہ میں نامہ نگاروں کو بتایا: 'شال گنڈ لالپورہ کپوارہ سے تعلق رکھنے والے تین لڑکوں کی ہتھیار کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر بدھ کی شام وائرل ہوئی تھی۔ ان تینوں لڑکوں نے گھر فون کرکے بتایا تھا کہ وہ جنگجوئوں کی صفوں میں شامل ہوگئے ہیں۔ یہ انفارمیشن ملتے ہی ہم نے ان کے گھر والوں سے رابطہ قائم کیا۔ ہماری سرولنس ٹیموں نے ان کی ٹریکنگ شروع کی'۔
    ان کا مزید کہنا تھا: 'ہمیں آج صبح اطلاع ملی کہ یہ تینوں نوجوان سوگام کے جنگل میں موجود ہیں۔ یہ اطلاع ملتے ہی مذکورہ علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا جس دوران انہیں حراست میں لیا گیا۔ ان کے قبضے سے ہتھیار بھی برآمد کئے گئے ہیں'۔
    دریں اثنا پولیس ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اور فوج کی 28 آر آر کی ایک مشترکہ ٹیم نے لولاب کے گجر پتی گن بھگ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائی شروع کی۔
    انہوں نے کہا کہ تلاشی کارروائی کے دوران مختصر فائرنگ کے بعد تین نوجوانوں کو زندہ پکڑ لیا گیا اور ان کی تحویل سے ہتھیار بر آمد کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان تینوں نوجوانوں کا تعلق شال گنڈ لال پورہ کپواڑہ سے ہے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS