شمالی کوریا کے ڈکٹیٹر کم جونگ ان کی صحت کے بارے میں گذشتہ ایک ماہ سے کافی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ اس ہی دوران شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے رہنما کم جونگ ان 20 روز بعد پہلی مرتبہ منظر عام پر آئے ہیں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما نے کھاد کی ایک فیکٹری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور فیتہ کاٹتے ہوئے نظر آئے۔ اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ان کی آمد پر فیکٹری میں موجود افراد’خوشی سے نہال ہو کر نعرے لگانے لگے۔‘
ان کے مبینہ طور پر منظر عام پر آنے کے اس واقعے سے قبل وہ 12 اپریل کو ایک تقریب کے دوران سرکاری میڈیا پر نظر آئے تھے اور اس کے بعد سے ان کی صحت کے حوالے سے دنیا بھر میں قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ سرکاری میڈیا نے اس کے بعد ایسی مبینہ تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے میں کم جونگ ان فیتہ کاٹ رہے ہیں۔ امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے جب صحافیوں نے اس حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس پر فی الحال کوئی جواب نہیں دینا چاہتے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ اُن کو حالیہ دنوں میں’نہیں دیکھا‘گیا اور امریکی حکام ان کی صحت کے حوالے سے آنے والی خبروں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بدھ کو امریکی چینل فاکس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ شمالی کوریا کو اس وقت کورونا وائرس کی وبا اور ممکنہ قہط سے خطرہ ہے۔
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کئی ہفتوں بعد آئے منظر عام پر
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS