حیدرآباد:تلنگانہ کے ڈی جی پی مہیندر ریڈی سے پانچ رکنی بین وزارتی مرکزی ٹیم نے آج حیدرآباد میں ملاقات کی اور ریاست میں لاک ڈاون پر سختی سے عمل کے سلسلہ میں محکمہ پولیس کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کی۔اس ٹیم نے تلنگانہ پولیس کے اعلی عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر ڈی جی پی نے ٹیم کومکمل لاک ڈاون کو یقینی بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات سے واقف کروایا۔اس وفد میں ایڈیشنل سکریٹری وزارت جل شکتی،ارون بروکا سینئر پبلک ہیلت اسپیشلسٹ،ڈاکٹرچندرشیکھرگدم این آئی این ڈائرکٹر،ڈاکٹر آرہیم لتا ڈائرکٹرکنزیومرافیرس،ایس ایس ٹھاکر اور این آئی ڈی ایم ایسوسی ایٹ پروفیسر شیکھر چترودیدی شامل ہیں۔ڈی جی پی نے اس ٹیم کو کورونا وائرس وبا کو قابو میں کرنے کے لئے تلنگانہ پولیس کے مختلف اقدامات اور مساعی پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کیا۔انہوں نے لاک ڈاون کے دوران پولیس کے فرائض کے ساتھ ساتھ مختلف چیک پوسٹس کے قیام،خصوصی پٹرولنگ اور لاک ڈاون کے عرصہ کے دوران تقریبا ایک لاکھ گاڑیوں کی ضبطی کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ریڈی نے پولیس کی جانب سے مختلف اسپتالوں میں کئے گئے سیکوریٹی اقدامات سے بھی واقف کروایا جہاں پر کورونا وائرس کے مریض زیرعلاج ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ کس طرح پولیس،حکام کے ساتھ تال میل کے ذریعہ کام کررہی ہے اور مریضوں کو اسپتال پہنچایاجارہا ہے۔اس وفد نے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کی گئی کارروائی کی بھی تفصیلات حاصل کی۔کنٹینمنٹ علاقوں میں پولیس کی جانب سے کئے گئے اقدامات،100نمبرپر کئے گئے فون پر پولیس کے ردعمل کے سلسلہ میں اس ٹیم کے ارکان نے تفصیلات حاصل کیں۔ڈی جی پی سے ملاقات کے بعد پولیس کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ اس ٹیم کے ارکان نے ملاقات کی۔اس ملاقات میں کورنٹائن سنٹرس کے قریب پولیس کے بندوبست اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے اس ٹیم کو تلنگانہ بھیجا تاکہ کورونا وائرس سے پیداشدہ صورتحال کا جائزہ لیاجاسکے۔وفد نے بعد ازاں شہر حیدرآباد کے مہدی پٹنم علاقہ کے رعیتوبازار کا بھی معائنہ کیاجہاں انہوں نے کسانوں کے ساتھ ساتھ موبائل رعیتوبازار کے گروپس کے ساتھ بات چیت کی۔اس بازار میں خریداری کرنے کے لئے آنے والوں سے سبزیوں اور دیگر اشیا کے داموں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی گئیں۔اس وفد نے امیرپیٹ علاقہ کے نیچر کیر اسپتال کا بھی معائنہ کیا۔
تلنگانہ کے ڈی جی پی نے مرکزی ٹیم کو لاک ڈاون کے انتظامات سے واقف کروایا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS