عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ -19) کے قہر سے امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4000 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کے ساتھ ہی ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 32186 ہو گئی ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق جمعرات تک ملک میں اس وبا سے ہلاک ہو نے والوں کی تعداد بڑھ کر 32186 پہنچ گئی ہے، وہیں كووڈ -19 کے مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 658،263 تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری طرف برازیل میں کورونا وائرس وبا سے 188 افراد کے ہلاک ہونے کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد 1924 ہو گئی ہے اور 2105 نئے کیسز آنے سے کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 30،425 ہو گئی۔ وزارت صحت نے جمعرات کو بتایا کہ کورونا سے 188 افرادہلاک ہونے کے ساتھ اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 1924 ہو گئی ہے ۔ اس سے پہلے یہ 1736 تھی۔
وزارت صحت نے بتایا کہ وبا کے قہر سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ ساؤ پالو میں متاثرین کی تعداد 11568 ہے، اس کے بعدصوبہ ریو دی جینیرو میں 3944، سیرا میں 2386، ایمیزون میں 171،9 اور پرنامبوکو میں 1،683 کیسز سامنے آئے ہیں ۔نئے اعداد و شمار جاری ہونے کے کچھ دیر بعد وزیر صحت لویز ہینرک مینڈیٹا نے اعلان کیا کہ صدر جیر بولسونارو نے لاک ڈاؤن ہٹانے کے اقدامات اور معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے اختلافات کی وجہ سے انہیں عہدے سے ہٹا دیا.
واضح رہے کہ عالمی ادارۂ صحت نے 11 مارچ کو ہی كووڈ -19 کو وبا قرار دے دیا تھا۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے پوری دنیا میں اب تک 2،101،073 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 140،835 ہو گئی ہے۔