امریکہ میں عالمی وبا کوونا وائرس نے بھیانک شکل اختیار کر لی ہے اور اس سے اب تک 18 ہزار سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ پانچ لاکھ سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 2108 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس سے مرنے والوں کی تعداد 18 ہزار سے تجاوز کرکے 18693 پہنچ گئی ہے جبکہ 500399 لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے جمعہ کے روز 2108 افراد کی موت ہوئی ہے۔ اس سے پہلے بدھ کو سب سے زیادہ 1936 افراد کی موت ہوئی تھی۔کورونا وائرس کی وجہ سے اٹلی کے بعد امریکہ میں سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ اٹلی میں اس وبا کی وجہ سے اب تک 18849 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ ’واشنگٹن پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق 60 فیصد سے زیادہ اموات نيويارک (777)، نیوجرسی (232) اور مشی گن (205) ریاستوں میں ہوئی ہیں۔
جبکہ فرانس میں بھی عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ -19) کاپھیلاؤ بڑھتا ہی جا رہا ہے اور اس وبا سے اب تک 13 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ فرانس کی ہیلتھ ایجنسی کے سربراہ جیروم سولومن نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔
سولومن نے بتایا کہ فرانس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 987 افراد کی موت ہوئی ہے جس سے مرنے والوں کی تعداد 13197 تک پہنچ گئی ہے۔ فرانس میں کورونا وائرس متاثرین 31267 لوگوں کا اسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے۔ سات ہزار سے زائد افراد انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو ) میں ہیں، تقریبا 25 ہزار سے زائد لوگوں کو مکمل طور پر ٹھیک ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ فرانس میں کورونا وائرس کے معمولی علامات والے لوگوں کو گھروں میں ہی رکھا گیا ہے۔