نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے بعد آج ایک شخص نے شاہین باغ میں ہورہے خواتین کے مظاہرے کے قریب فائرنگ کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک شخص نے پولیس بریکیڈ کے پاس فائرنگ کی ہے۔ پولیس نے اس شخص کو گرفتار کرلیا ہے اور پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزم کا نام کپل گجر ہے اور وہ دہلی کے دلو پورا کا ہی رہنے والا ہے اور 12ویں جماعت فیل بھی بتایا جارہا ہے۔ خبر کے مطابق اس شخص نے گرفتار ہوتے ہی کہا’اس دیش میں صرف ہندوؤں کی چلے گی‘ اس نے جے شری رام کے نعرے بھی لگائے ہیں۔ اس واقعہ سے علاقائی لوگوں میں کافی ناراضگی دیکھی جارہی ہے، چشم دید کے مطابق اس شخص نے دو تین راؤنڈ فائرنگ کی ہے، اور لوگوں کا یہی کہنا ہے کہ یہ سب کچھ محکمہ پولیس کی شہہ پر ہو رہا ہے۔ اس فائرنگ کے حوالے سے دہلی پولیس کے ڈی سی پی چینمئے بیسوال نے بیان دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک شخص نے بند کیے گئے علاقے میں ہوائی فائرنگ کی ہے اور اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ کچھ ذرائع یہ بھی بتا رہے ہیں کہ ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے، لیکن ابتک پولیس کے ذریعہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ شاہین باغ میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے خواتین این آر سی، سی اے اے اور این پی آر کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔
شاہین باغ میں کپل گجر نام کے شخص نے کی فائرنگ، پولیس نے کیا گرفتار
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS