نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پنجاب اور مہاراشٹر کوآپریٹو ( پی ایم سی) بینک گھوٹالہ معاملہ میں بمبئی ہائی کورٹ کے حکم پر جمعرات کو روک لگا دی ہے۔ ہائی کورٹ نے پی ایم سی بینک اسکنڈل میں ملوث گرفتار کئے گئے ایچ ڈی آئی ایل پرموٹرز راکیش ودھاون اور سارنگ ودھاون کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے ان کی رہائش گاہ پر منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ) اور اقتصادی کرائم برانچ نے ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔ سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے، جسٹس بی آر گوئی اور جسٹس سوريہ كانت کی بنچ کے سامنے معاملہ کا ذکر کرکے ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف فوری طور پر سماعت کا مطالبہ کیا۔ تشار مہتا نے دلیل دی کہ پی ایم سی بینک گھوٹالہ 7000 کروڑ روپے کا ہے اور ہائی کورٹ نے بدھ کو ایک مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے انتہائی غیر معمولی حکم دیا ہے۔ باپ بیٹے کو فی الحال عدالتی حراست میں آرتھر روڈ جیل میں رکھا گیا ہے۔ اگر انہیں ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق ان کی رہائش گاہ پر منتقل کر دیا جاتا ہے، تو یہ انہیں ضمانت دینے کی طرح ہو گا۔ ان کی دلیل سننے کے بعد عدالت عظمیٰ نے ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگا دی۔
پی ایم سی گھپلا معاملہ: سپریم کورٹ نے ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلے پر روک لگائی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS