شہریت قانون کے خلاف طلباء نے ملک کو بیدار کیا ہے: سورا بھاسکر

0

طلباء نے میدان میں اتر کر شہریت قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف چل رہے مظاہروں میں ایک جان پھونک دی ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں طلباء سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔ خصوصی طور پر جامعہ ملیہ اسلامیہ و علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں طلباء کے ساتھ ہوئی پولس بربریت نے طلباء میں ایک آگ کو بھڑکا دیا ہے۔ طلباء کے ذریعہ کیے جا رہے ان مسلسل مظاہروں کو مختلف سیاسی و سماجی ہستیوں کی حمایت بھی حاصل ہے،جن میں اب بالی ووڈ اداکارہ سورا بھاسکر کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔

سورا بھاسکر نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو شیئر کر کے طلباء کے احتجاج کی تعریف کی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ہندوستان کی جمہوریت کے لیے اس تاریک سال کے آخری دن ملک کے طلبا اور سول سوسائٹی کے اراکین کا بہت شکریہ جنھوں نے شہریت قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف پرامن تحریک چلائی۔ آپ لوگوں نے اس ملک کو نیند سے بیدار کیا ہے۔‘‘

ٹوئٹ میں پیش کردہ ’وائس آف امریکہ‘ کے ویڈیو میں سورا بھاسکر کہتی ہوئی نظر آ رہی ہیں کہ ’’آج کی تاریخ میں طلبا ہمارے ہیرو ہیں۔ طلبا اس ملک کی امید ہیں۔ طلبا نے ہمارے سماج کو اخلاقیات کا سبق پڑھایا ہے۔ یہ ایک ایسا سماج ہے جسے لنچنگ سے فرق نہیں پڑتا۔ یہ ایک ایسا سماج بن گیا تھا جہاں لوگوں کو زندہ جلایا جا رہا ہے، انھیں کوئی فرق نہیں پڑتا تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ طلبا قابل تعریف ہیں… ہم سو رہے تھے انھوں نے ہمیں بیدار کیا ہے۔ ہمیں ان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔‘‘
 ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہمارے دور میں یہ ایک ایسا موقع ہے جس میں امیدیں ہیں، کیونکہ مجھے نہیں لگتا کہ کسی کو لگا تھا کہ اس قدر ہندوستانی عوام متحد ہوگی… اور یہ ایک ایسی عوام ہے جو الگ الگ طبقات سے تعلق رکھتی ہے… شاید روز مرہ کی زندگی میں ہم ایک دوسرے کو ہیلو بھی نہیں بولتے… موقع ہی نہیں ملتا۔‘‘

واضح رہے کہ سورا بھاسکر شہریت قانون کی مخالفت شروع سے ہی کرتی رہی ہیں۔ اس سے پہلے دسمبر کے ماہ میں ہی شہریت قانون کے خلاف ممبئی کے اگست کرانتی میدان میں جمع ہوئے ہزاروں مظاہرین کے ساتھ اداکارہ سورا بھاسکر نے بھی اس قانون کے خلاف مظاہرہ میں حصہ لیا تھا۔ 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS