حکومت ہمارے آئین کی روح پر حملہ آور:کمل ناتھ

    0

    بھوپال:مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے ملک کے عوام کو گمراہ کرنے اور انہیں تقسیم کرنے کی کوشش کئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا ہے کہ کانگریس ایسی کسی سیاسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی، جس میں ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔مسٹر کمل ناتھ آئین بچائو مارچ سے قبل یہاں روشن پورہ چوراہے پر ایک بڑی ریلی سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ ہمارے آئین کی روح پر حملہ کررہی ہے اور ملک کے عوام کو گمراہ کرکے انہیں بانٹنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کانگریس اس ملک کو توڑنے کی سیاسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اس مارچ میں مختلف مذاہب، طبقوںکے لوگ بڑی تعداد میں شامل ہوئے۔ اس مارچ سے ہم ملک کے مدھیہ پردیش سے ہر ہندوستانی کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مرکزی حکومت آئین مخالف کارروائی کرکے آنے والی نسلوں کا مستقبل خطرے میں ڈال رہی ہے ۔
    وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کی شناخت پوری دنیا میں ایک ایسے آئین کا نفاذ کرنے والے ملک کے طور پر ہے، جہاں ہر مذہب، ذات، ثقافت، زبان کو اپنے طریقے سے جینے کا نہ صرف حق ہے، بلکہ اسے اظہار رائے کی بھی پوری آزادی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے میل جول کی روایت، آپسی رشتوں اور سبھی مذاہب کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی طاقت کو تقسیم کاری طاقتیں کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہےں۔ انہوں نے کہاکہ یہ قانون ہمارے آئین پر حملہ ہی نہیں بلکہ ملک کے ہرشہری کے حقوق پر حملہ ہے۔ ہماری رنگارنگی میں یکجہتی کو اور ایک جھنڈے کے نیچے کھڑے لوگوں کو گمراہ کرنے اور انہیں توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوک سبھا میں مرکزی حکومت کے وزیر داخلہ این آر سی کو پورے ملک میں نافذ کرنے کا بیان دیتے ہیں۔ وہیں ان کے وزیراعظم پبلک منچ میں اس سے انکار کرتے ہیں۔ صاف ہے کہ بی جے پی کی نیت میں کھوٹ ہے۔ انہوںنے کہا کہ سی اے اے اور این آر سی کے تئیں ان کی نیت اور پالیسی دونوں مشتبہ ہے اور ملک کو توڑنے کی سازش کی جارہی ہے ۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS