مدثراحمد۔شیموگہ
مسلمانوں کے پاس جب سیاسی قیادت کی بات آتی ہے تو مسلمانوں کی نگاہیں ہمیشہ سیاسی جماعتوں میں دئیے جانے والے اْن عہدوں کی ہوتی ہے جو پارٹیاں مسلمانوں کو بہلانے کیلئے پہلے سے طئے کئے ہوئے ہوتے ہیں۔ہر سیاسی جماعت کے پاس ایک اقلیتی شعبہ موجود ہوتا ہے،ان اقلیتی شعبوں میں مسلمانوں کو براجمان کیا جاتا ہے،جبکہ سیاسی پارٹیاں مسلمانوں کو مین اسٹریم یا اہم شعبوں میں نامز دکرنے کیلئے شائد ہی پہل کرتے ہوں۔
مسلمان اقلیتی شعبوں کے عہدوں کولے کر اس قدر خوش وخرم نظرآتے ہیں مانوکہ انہیں ریاست کی باگ ڈور سونپ دی گئی ہو۔دراصل سیاسی جماعتوں میں اقلیتی شعبوں کے ذمہ داروں کے طورپر نامزد کرنا سانپ کے منہ سے زہر نکال کرٹوکری میں رکھنے کے برابرہے،لیکن مسلمان ان باتوں سے اتفاق نہیں رکھتے بلکہ وہ اسی کوپوری کامیابی سمجھ لیتے ہیں۔آزادی کے بعد سے مسلسل ہندوستان میں مسلمانوں کی قیادت کمزور ہوتی جارہی ہے،یہ قیادت نہ صرف سیاسی شعبے میں کمزور ہے بلکہ تعلیمی، اقتصادی، معاشی، ثقافتی زمرے میں بھی کھوکھلی ہوتی جارہی ہے۔ہندوستان بھر کے تعلیمی اداروں کاجائزہ لیا جائے تویہ سوال پیدا ہوگا کہ مسلمانوں کے پاس کتنے ایسے تعلیمی ادارے ہیں جو مسلمانوں کوبنیادی سطح سے لے کر اعلیٰ تعلیم تک تعلیم دے سکیں،ایسی کتنی صنعتیں ہیں جو مسلمانوں کوروزگار دینے کی پابند ہیں،ایسے کتنے ادارے ہیں جو مسلمانوں کے اقتصادی ومعاشی حالات کو بہتر بنانے کیلئے پیش رفت کئے ہوئے ہوں۔اگر ہماری قیادت کا مظاہرہ دیکھنا ہو تو صرف مسجدوں کی کمیٹیوں میں دیکھی جاسکتی ہے،مسجد کمیٹی کاصدر بننا ہمارے لئے وزیراعلیٰ بننے کے برابرہے،اگر اس عہدے پر فائز ہوتے ہیں تو کوئی بات نہیں لیکن اس عہدے کا فرض بھی صحیح طریقے سے ادا نہیں کرتے۔جب مسجد کمیٹی کے صدر کا عہدہ ملتا ہے تو ان کی نگاہیں وقف بورڈ یا وقف مشاورتی کمیٹی کی رکنیت حاصل کرنے کا صدر بننے کیلئے دوڑ دھوپ شروع ہوجاتی ہے۔
سرکاری سطح پر اگر کسی مسلمان کو کوئی عہدہ دیا بھی جاتا ہے تو وہ وقف مشاورتی کمیٹی کاصدر یا اردو اکادمی کا رکن یا چیئرمین کا عہد ہ ہوتا ہے اور ان عہدوں کو کوئی حاصل کر بھی لیتے ہیں تو ان عہدوں کو ہٹانے یا بٹھانے کیلئے پس پردہ ایسی تحریکیں شروع ہوجاتی ہیں جس کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومت بھی بے بس ہوجاتی ہے۔مسلمانوں کو اگرایمانداری کے ساتھ عہدہ ملتا ہے تو وہ صرف اردواکادمی یا وقف بورڈمیں ہی ملتا ہے،مگر اس میں بھی اڑچنیں لگانے والے ہزاروں لوگ پیدا ہوجاتے ہیں۔ مسلمانوں کو دیگر اقلیتوں کو حکومت سے ملنے والی سہولیات، حکومت کے منصوبوں کے تعلق سے کتنا کا م ہو اہے اس کا جائزہ لینے کیلئے ہمارے پاس طاقت نہیں ہے،اس پر نہ کوئی سوال اٹھتا ہے نہ ہی کوئی آر ٹی آئی کے ذریعے سے معلومات حاصل کرتے ہوئے اپنے حقوق کیلئے لڑائی کرتا ہے۔ہاں آر ٹی آئی دی جاتی ہے تو وہ وقف بورڈ اور اردو اکادمی میں۔تاکہ جو مسلمان ان عہدوں پر فائز ہوئے ہوں وہ بھی سکون سے نہ بیٹھیں،ہمارے پاس اپنی بقاء وترقی سے زیادہ اپنی انا و مفادات کیلئے سیاست کرنے والے لوگوںکی بڑی تعداد ہے۔یہی وجہ ہیکہ مسلمان بْری طرح پٹ رہا ہے اور بْری طرح سے رسوا ہورہا ہے۔اگر مسلمانوں کے پاس اپنوںکے درمیان مقابلہ کرنے کے بجائیدوسروںکے ساتھ مقابلہ کرنے کا مادہ پیدا ہوجائے تو یقیناً مسلمان اپنے حقوق کو پانے میں کامیاب ہوجائینگے،مگر یہ لوگ ایسا نہیں کرتے،یہ لوگ اپنوںکی ٹانگیں کھینچنے میں بہت مزہ لیتے ہیں،ان کے ساتھ نہ عقابی روح ہے،نہ ہی گنبدِِ خضرا میں نشمین بنانے کا جذبہ ہے۔یہ لوگ نہ ہی شاہین کے اوصاف رکھتے ہیں نہ ہی ان کا عزم فاتح اعظم کی طرح ہے،بلکہ ہمارے لوگ ایک دوسرے سے حسد کھانے والے،جلن رکھنے والے اور اپنے مفادات کی خاطر رسوا کرنے والے لوگ ہیں۔جب تک مسلمان اپنے آپ کو دنیا کی دیگر قوموں کے مقابلے میں پیش نہیں کرتے اور اپنوں کے درمیان ہی مقابلہ آرائی کرتے رہیںگے تو اسوقت تک ان کی جیت ممکن نہیں ہے۔
آج امریکہ کامقابلہ کرنے والاملک کوئی مسلم ملک نہیں ہے بلکہ یوروپی ممالک ہی ہیں۔مہذب اور تہذیب وعلم کے گہوارے مانے جانے والے عرب ممالک ترقی یافتہ ممالک سے کافی دور ہیں،آج بھی ان کے یہاں دوسرے ممالک میں بننے والی مصنوعات اور ضروری اشیا یہاں تک فوجی سازو سامان بھی دوسروں کے یہاں سے خریدے جاتے ہیں،جبکہ یہ ممالک کسی دور میں علم وادب کے گہوارے تھے۔ گراں خواب چین و جاپان ترقی کی راہ میںآگے بڑھ چکے ہیں۔یہ اس وجہ سے ہے کہ یہ ممالک اپنوںکے درمیان مقابلہ کرنے کے بجائے دوسرے ممالک اور دوسری قوموں سے آگے بڑھنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔اگر واقعی میں مسلمان قیادت کے نظام کو دوبارہ سنبھالنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے انہیں تعلیم کے میدان میں قیادت حاصل کرنی ہوگی،اس کے بعد انہیں تجارت،صحافت اور معاشیات کے میدان میں آگے آنا ہوگا۔جب یہ چیزیں مسلمانوں کے پاس مضبوط ہوجائینگی تو یقیناً مسلمان سیاسی میدان میں مستحکم ہوجائینگے اور وہاں قائدین کی ایک بڑی تعداد موجود رہے گی۔کرناٹک کی ایک چھوٹی سی قوم لنگایت سماج کا جائزہ لیا جائے تو یہ قوم مسلمانوں سے بہت چھوٹی ہے،لیکن کرناٹک کے ہر حصے میں ان کے تعلیمی ادارے قائم ہیں،ان کے مضبوط تجارتی مراکز موجود ہیں،انفوسس جیسی کمپنیاں ان کے پاس موجود ہیں،کے ایل ای،سداگنگا،آدی چن چن گری جیسے تعلیمی ادارے ان کے پا س موجود ہیں،اس کے علاوہ ان کے مذہبی امورپر کام کرنے کیلئے محض تین چار مٹھ موجود ہیں جن کے پاس ایسی قیادت ہے کہ وہ اچھے سے اچھے سیاستدان کو اپنے دروازے پر آنے پر مجبور کرتے ہیں،ہمارے پا س کیا ہے؟
rvr
مسلمانوں کی سیاسی ترجیحات کیا ہیں : مدثراحمد۔شیموگہ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS