مکہ مکرمہ، (یو این آئی)سعودی عرب میں دوران حج گرمی کی شدت کو 20 ڈگری سیلسیس تک کم کرنے کیلئے سڑکوں پر سفید پینٹ کیا جانے لگا۔
ایشیائی ممالک کی طرح عرب ممالک بھی گرمی کی لپیٹ میں ہیں جہاں سعودی عرب میں حج سیزن کے دوران شدید گرمی پڑرہی ہے۔
العربیہ اردو کی رپورٹ کے مطابق عرفات میں گرمی کی شدت کو کم کرنے اور عازمین حج کو بہتر سہولیات دینے کی غرض سے سعودی جنرل اتھارٹی نے مسجد نمرہ کے اردگرد سفید رنگ کروانا شروع کردیا ہے۔
اس حوالے سے روڈ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ سڑکوں پر مخصوص قسم کا سفید رنگ لگانے سے گرمی کی شدت کو 20 ڈگری سیلسیس تک کم کیا جاسکتا ہے، منیٰ میں جمرات جانے والے راستے پر یہی روغن لگایا گیا تو وہاں 12 سے 15 ڈگری گرمی کم ہوگئی۔
روڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق سڑکوں پر لگایا جانے والا مخصوص روغن مقامی طور پر تیار ہوا ہے اور اس میں دھوپ کی حرارت کم جذب ہوتی ہے، مسجد نمرہ کے قریب کم و بیش 25 ہزار مربع میٹر پر روغن لگایا گیا ہے، گزشتہ برس یہی تجربہ محدود رقبے پر کیا گیا جس کے اچھے نتائج برآمد ہوئےتھے۔