یوگی کے وزیر نے مختار انصاری کو ’غریبوں کا مسیحا‘ قرار دیا

0

لکھنؤ (ایجنسیاں): مختار انصاری کو ان کے آبائی گاؤں محمد آباد کے کالی باغ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس پر طویل خاموشی کے بعد اب یوپی کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں کابینہ وزیر اور ایس بی ایس پی سربراہ اوم پرکاش راج بھر کا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے مختار کو غریبوں کا مسیحا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک انقلابی تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے ان کے بارے میں جو بھی بیان دیا ہے، اس پر قائم ہوں۔‘ راج بھر نے ایک میڈیا چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے اور خدا کے سامنے کسی کی نہیں چلتی۔

ڈاکٹروں نے ان کی میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر کہا ہے کہ انہیں ہارٹ اٹیک آیا تھا۔ حکومت نے خاندان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، جو بھی ہوگا سامنے آئے گا۔ مختار کو زہر دینے کے الزام پر راج بھر نے کہا کہ ’انہوں نے عدالت میں اس کا ذکر کیا تھا، عدالت نے اس کا نوٹس بھی لیا تھا اور کہا تھا کہ اس کی تحقیقات کی جائے گی لیکن اسی دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ عدالت کے حکم پر 3 افسران کو معطل بھی کیا گیا ہے۔‘

واضح رہے کہ مختار انصاری کے بیٹے عباس انصاری ان کی جماعت ایس بی ایس پی سے رکن اسمبلی ہیں۔ اس پر اوم پرکاش راج بھر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس دستیاب اعداد و شمار کے مطابق وہ ہماری پارٹی میں ہیں، لیکن انہوں نے اکھلیش یادو کی درخواست پر عباس انصاری کو اپنی پارٹی کا نشان دیا تھا۔

اوم پرکاش راج بھر نے کہا کہ جب بھی غریبوں پر ظلم ہوگا، جو بھی غریبوں کے ساتھ کھڑا نظر آئے گا اسے غریبوں کا مسیحا کہا جائے گا۔ مختار انصاری کے حوالے سے کئی لوگوں کے بیانات آئے ہیں کہ انہوں نے ہماری جان بچائی، ہماری مدد کی، جب انہوں نے غریبوں کی مدد کی ہے تو یقینا وہ غریبوں کے مسیحا ہوں گے ہی۔

یہ بھی پڑھیں: لاکھوں نم آنکھوں کے درمیان مختار انصاری سپرد خاک

مزید پڑھیں: مختار انصاری کو والدین کی قبر کے بغل میں دفنایا گیا

راج بھر نے اعتراف کیا کہ انہوں نے مختار انصاری کو انقلابی کہا تھا اور وہ اب بھی اس بیان پر قائم ہیں۔ اوم پرکاش راج بھر کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب وہ این ڈی اے کے حلیف ہیں اور اس معاملے پر بی جے پی کا موقف بالکل مختلف ہے۔ اس سے قبل جمعہ کو وہ مختار انصاری پر کوئی رد عمل دینے سے گریز کرتے نظر آئے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS