نئی دہلی(یو این آئی): جاری انتخابات میں نظام کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن نے چار ریاستوں گجرات، پنجاب، اڈیشہ اور مغربی بنگال میں آٹھ نان کیڈر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور پانچ نان کیڈر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا تبادلہ کردیا ہے۔
کمیشن نے جمعرات کو ایک ریلیز میں کہا کہ لوک سبھا انتخابات 2024 میں برابری کا میدان فراہم کرنے کے اپنے عہد کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے آج ان نان کیڈر افسران کے تبادلے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ان میں کچھ سرکردہ سیاست دانوں کے رشتہ دار ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ بھی ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کی صدارت میں الیکشن کمشنروں گیانیش کمار اور سکھبیر سنگھ سندھو کی میٹنگ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
ٹرانسفر کیے گئے افسران میں گجرات کے چھوٹا ادے پور اور احمد آباد دیہی اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ بھی شامل ہیں۔ پنجاب میں پٹھان کوٹ، فاضلکا، جالندھر دیہی اور ملیرکوٹلہ اضلاع کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، اڈیشہ کے ڈھینکنال اور دیوگڑھ اور کٹک دیہی اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ، مغربی بنگال کے پوربا مدنی پور، جھاڑگرام، پوربا بردھمان اور بیربھوم اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ شامل ہیں۔
کمیشن نے منتخب سیاسی نمائندوں کے ساتھ رشتہ داری یا خاندانی تعلق کے پیش نظر پنجاب میں بھٹنڈہ کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ اور آسام میں سونیت پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کا تبادلہ کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
مزید پڑھیں: اپوزیشن پارٹی کے بینک کھاتوں کو سیل کرنا مودی-شاہ کی مجرمانہ کارروائی ہے: کانگریس
اس سلسلے میں کمیشن کی ہدایت کے تحت تمام متعلقہ ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نان کیڈر افسران کو ضلع مجسٹریٹ اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس/سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے طور پر ان کے موجودہ کردار سے فوری طور پر تبدیل کریں اور کمیشن کو تعمیل رپورٹ پیش کریں۔