نئی دہلی، (یو این آئی): بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 76ویں برسی پر منگل کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھن کھڑ اور وزیراعظم نریندر مودی نے راج گھاٹ پہنچ کر باپو کی سمادھی پر پھول مالا پیش کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
بابائے قوم مہاتما گاندھی کی برسی آج منائی جا رہی ہے، 30جنوری 1948کو ناتھورام گوڈسے نے باپو کو گولی مار کر انہیں ہلاک کر دیا تھا۔ مہاتما گاندھی جنہیں ہندوستان میں پیار سے ’باپو‘کہا جاتا ہے، انہوں نے عدم تشدد کے راستے پر چلتے ہوئے ہندوستان کی تحریک آزادی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے مختلف پرامن تحریکوں کے ذریعے انگریزوں کو اہنسا اور عدم تشدد کی طاقت کا قائل کرایا تھا۔ وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بابائے قوم کی قربانی ہمیں لوگوں کی خدمت کرنے اور اپنی قوم کیلئے ان کے وژن کو پورا کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔وزیر اعظم نے ٹویٹر پر لکھا کہ ’میں باپوجی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ میں ان تمام لوگوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جو ہمارے ملک کیلئے شہید ہوئے ہیں۔ ان کی قربانی ہمیں لوگوں کی خدمت کرنے اور اپنی قوم کیلئے ان کے وژن کو پورا کرنے کی ترغیب دیتی ہے‘۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سچائی اور عدم تشدد کے راستے پر چل کر ہم وطنوں کے دلوں میں سودیشی کا جذبہ بیدار کیا۔مہاتما گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ ’گاندھی جی کے امن اور ہم آہنگی کے پیغامات آج بھی قابل عمل ہیں اور ان کے خیالات ہم وطنوں کو قربانیاں دینے اور خود کو قوم کیلئے وقف ہونے کی ترغیب دیتے رہیں گے‘۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری اور دیگر رہنما بھی راج گھاٹ پہنچے اور مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مزید پڑھیں: جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے بارے میں نظرثانی کا حکم جاری کرے: سپریم کورٹ
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی گاندھی جی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا اور سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہاکہ ’اس دن نفرت اور تشدد کے نظریے نے ہمارے قابل احترام باپو کو ملک سے چھین لیا آج وہی سوچ ہم سے ان کے اصول اور آدرش کو چھیننا چاہتی ہے۔ لیکن نفرت کی اس آندھی میں سچائی اور ہم آہنگی کی لو نہیں بجھنی چاہئے، یہی ہمارے بابائے قوم کو حقیقی خراج عقیدت ہوگا‘۔