دبئی (ایجنسیاں): آئی سی سی نے کوہلی کو آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے طور پر منتخب کیا ہے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میچ میں بھلے ہی ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا لیکن کوہلی اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے، اسی لیے آئی سی سی نے کوہلی کو بڑا تحفہ دیا ہے۔ کوہلی اس سے قبل بھی تین بار یہ خطاب جیت چکے ہیں۔ یہ اعزاز ان کے نام چوتھی بار آیا ہے۔ اب تک دنیا کے کسی بلے باز نے چار مرتبہ ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ نہیں جیتا ہے۔ یعنی یہ اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔اس کے علاوہ آئی سی سی نے پیٹ کمنز کو کرکٹر آف دی ایئر منتخب کیا ہے جبکہ آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ ٹسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے ویراٹ کوہلی کو سال 2023 کے لیے آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے طور پر منتخب کیا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ کوہلی نے سال 2023 میں کل 27 ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔ اس دوران کوہلی کے بلے سے 1377 رنز بنے۔ اس کے علاوہ کوہلی نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔ کوہلی کو ورلڈ کپ میں ہالینڈ کے خلاف گیند بازی کا موقع ملا۔ اس دوران کوہلی نے ایک وکٹ بھی حاصل کی تھی۔ دوسری جانب ویراٹ نے سال 2023 میں کل 12 کھلاڑیوں کو کیچ کیا تھا، اس لیے کوہلی کی ہر شعبے میں کارکردگی کو دیکھتے ہوئے آئی سی سی نے اس کھلاڑی کو اس اعزاز سے نوازا ہے۔
آئی سی سی نے ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کے لیے ویراٹ کوہلی کے علاوہ ہندوستان کے شبمن گل اور محمد شامی کے نام بھی شامل کیے تھے۔ اس کے ساتھ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کا نام بھی شامل تھا۔ لیکن کوہلی نے ان سب کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز حاصل کر لیا ہے۔آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: شعیب ملک نے ثنا جاوید سے شادی کر لی، ثانیہ مزا سے ہوا خلع
پیٹ کمنز کو یہ ایوارڈ آئی سی سی نے سال 2023 میں گیند اور کپتانی کے ساتھ ان کی بہترین کارکردگی کے لیے دیا۔ کمنز کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیم آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ اور آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہی۔ کمنز کے لیے یہ اعزاز اس لیے بھی یادگار ہے کہ ان کی قیادت میں آسٹریلیا نے گزشتہ سال اپنے سب سے بڑے حریف انگلینڈ کے خلاف ایشز کو برقرار رکھنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔