کیرالہ میں چار ہزار کروڑکے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح، بی جے پی کے پاس تیز رفتار ترقی کا ٹریک ریکارڈ: مودی

0

کوچی (ایجنسیاں): وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز کیرالہ میں کہا کہ بی جے پی ہندوستان کی واحد ایسی پارٹی ہے جس کے پاس تیز رفتار ترقی کا ثابت شدہ ٹریک ریکارڈ اور مستقبل کیلئے ایک واضح وژن ہے۔ وزیر اعظم نے 2 سے 3بوتھ سطح کے علاقوں والے ’شکتی کیندروں‘ کے تقریباً 6000 انچارجوں کی ایک پارٹی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس دوران پی ایم مودی نے کہا کہ پچھلے 9 سالوں میں ملک کے تقریباً 25 کروڑ لوگ غربت سے باہر آئے ہیں۔ کیرالہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’بی جے پی کی ترجیح لوگوں کی آمدنی بڑھانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی بچت میں اضافہ کرنا ہے۔

آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت ہم وطنوں نے تقریباً ایک لاکھ کروڑ روپے بچائے ہیں۔ جن اوشدھی کیندروں کی وجہ سے لوگوں کے 25 ہزار کروڑ روپے بچائے گئے ہیں۔ پی ایم مودی نے کہا کہ ’ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ملک میں گزشتہ 9 سالوں میں 25 کروڑ لوگ غربت سے باہر آئے ہیں۔ وہیں کانگریس کے 5 دہائیوں کے دور حکومت میں صرف غربت مٹاؤ کا نعرہ دیا گیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم نے ترقی یافتہ ہندوستان کیلئے جو راستہ چنا ہے، وہ درست ہے۔ ہمیں اپنے ووٹروں کو بتانا ہے کہ 10 سال پہلے ملک میں ہر دوسرے دن دہشت گردی کے واقعات ہوتے تھے جس سے سرمایہ کاری متاثر ہوتی تھی اور ہمارے بیرون ملک رہنے والے لوگ بھی متاثر ہوتے تھے۔ LDF اور UDF اتحاد کی گھوٹالوں کی تاریخ رہی ہے۔‘

پارٹی کارکنوں کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ’ہم نے تریشور میں ناری شکتی سمیلن کے دوران کیرالہ کے بی جے پی کارکنوں کی طاقت دیکھی تھی۔ میں اپنے ذاتی تجربے سے کہہ سکتا ہوں کہ اتنی بڑی کانفرنس کا انعقاد ایک مضبوط تنظیم ہی کر سکتی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ بہت محنت کر رہے ہیں۔ بی جے پی واحد سیاسی جماعت ہے جس کی تیز رفتار ترقی کا ریکارڈ ہے اور مستقبل کیلئے ایک واضح وژن ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کیرالہ کو کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا تحفہ دیا۔ انہوں نے کوچی میں 4 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔ اس دوران سی ایم پنرائی وجین اور گورنر عارف محمد بھی موجود تھے۔ آج افتتاح کیے جانے والے پروجیکٹوں میں کوچین شپ یارڈ لمیٹڈ (سی ایس ایل) میں نیو ڈرائی ڈاک (این ڈی ڈی)، سی ایس ایل کی بین الاقوامی جہاز کی مرمت کی سہولت (آئی ایس آر ایف) اور پوتھووپیین، کوچی میں انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ کا ایل پی جی امپورٹ ٹرمینل شامل ہیں۔ یہ بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے ہندوستان کی بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزر گاہوں کے شعبے کو تبدیل کرنے اور اس میں صلاحیت اور خود کفالت پیدا کرنے کے وزیر اعظم کے وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔امرت کال کے دوران ہندوستان کو ’وکست بھارت‘بنانے کے سفر میں ہر ریاست کے کردار پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم مودی نے پہلے زمانے میں ہندوستان کی خوشحالی میں بندرگاہوں کے کردار کو یاد کیا اور بندرگاہوں کیلئے اسی طرح کے کردار کا تصور کیا جب ہندوستان نئی پیش قدمی کر رہا ہے اور عالمی تجارت کا ایک بڑا مرکز بن رہا ہے۔

مزید پڑھیں: مہوا موئترا کو فوری طور پر سرکاری بنگلہ خالی کرنے کاملا نوٹس

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کوچی جیسے بندرگاہی شہروں کی طاقت کو بہتر بنانے میں لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے بندرگاہ کی صلاحیت میں اضافہ، بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری اور ساگرمالا پروجیکٹ کے تحت بندرگاہوں کے بہتر کنکٹی ویٹی کا ویژن پیش کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS