نئی دہلی (یو این آئی): انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے نوکری کے لیے زمین’گھپلے میں منگل کو راؤز ایونیو کورٹ میں چارج شیٹ داخل کی، جس میں بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی، ان کی رکن پارلیمنٹ بیٹی میسا بھارتی، ہیما یادو اور دیگر کا نام شامل ہے۔
راؤز ایونیو کورٹ نے ای ڈی کو منگل کو ہی چارج شیٹ اور دستاویزات کی ای کاپیاں داخل کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے معاملہ 16 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔
ای ڈی نے چارج شیٹ میں امیت کٹیال اور ہردیانند چودھری کا نام بھی شامل کیا ہے جو مبینہ طور پر راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو اور ان کے بیٹے تیجسوی یادو سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہیں ای ڈی نے زمین کے بدلے نوکری کے گھپلے میں منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار بھی کیا تھا۔ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے لالو پرساد یادو، ان کے کنبہ اور کئی دیگر افراد کے خلاف ملازمت کے لیے زمین کے معاملے میں تفتیش کر رہے ہیں۔
مبینہ گھپلہ اس وقت ہوا جب لالو پرساد متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے ون) کابینہ میں ریلوے کے وزیر تھے۔ لالو یادو پر الزام ہے کہ انہوں نے 2004-2009 کے درمیان ہندوستانی ریلوے کے مختلف زونوں میں گروپ ڈی کے عہدوں پر امیدواروں یا ان کے رشتہ داروں کو تحفے کے طور پر یا سستے داموں زمین کے پلاٹوں کے بدلے میں ملازمتیں فراہم کیں۔
مزید پڑھیں: مندر کی زمین پر بنی مساجد خالی کردیں ورنہ نتائج سنگین: ایشورپا
اس کیس کی تحقیقات دو سال قبل شروع ہوئی تھی لیکن کیس گزشتہ سال درج کیا گیا۔