فرانسیسی صدر کی اردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقات، غزہ میں جاری جنگ کی صورت حال پر تبادلہ خیال

0

عمان(اے ایف پی): اسرائیل کی غزہ میں جاری جنگ کے دوران فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکروں دوسری بار مشرق وسطیٰ میں ہیں۔ انہوں نے اس سے قبل ماہ اکتوبر میں بھی اسرائیل وغیرہ کا دورہ کیا تھا۔انہوں نے اردن کے شاہ عبداللہ سے شاہی محل میں خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ فرانس بھی اسرائیل کا اہم اتحادی ملک ہے۔ میکروں نے اپنے پچھلے دورے میں اسرائیل کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کے کھڑے ہونے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم اب 8 ہزار فلسطینی بچوں اور 6200 عورتوں سمیت 20 ہزار سے زائد ہو چکی شہادتوں کے بعد حمایت جاری رکھنے کے باوجود لہجہ اور قدرے بدل دیا ہے۔صدر میکروں خطے میں تعینات فرانسیسی فوجیوں سے بھی کرسمس کے سلسلے میں ملاقات کریں گے اور ان کے حوصلے بڑھائیں گے۔ جمعرات کے روز وہ اردن کے بندرگاہی شہر عقبہ میں اترے تو شاہ عبداللہ ان کے خیرمقدم کے لیے موجود تھے۔ماہ اکتوبر سے اب تک یہ میکروں اور شاہ عبداللہ کے درمیان دوسری ملاقات ہے۔

اس دوران غزہ کی مکمل تباہی کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ ہزاروں ہلاکتوں کے علاوہ 20 لاکھ فلسطینی اسرائیلی بمباری سے بے گھر ہو کر نقل مکانی کے دوران پانی کی بوند بوند اور روٹی کے نوالے کے لیے پریشان ہیں۔تاہم اہم عالمی طاقت اور اس کے بڑے مغربی اتحادیوں سے اسرائیل کو ہر طرح کی فوجی و سفارتی امداد میسر رہنے کے باوجود ابھی تک حماس کا خاتمہ کرنے میں اسرائیل اور اس کی فوج کامیاب نہیں ہوسکی، حتیٰ کہ اسرائیلی یرغمالیوں میں سے ایک کو بھی اسرائیلی فوج اپنی طاقت کے ذریعہ نہیں چھڑا سکی ہے۔

مزید پڑھیں: ’ہم غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں‘: ڈیوڈ کیمرون

فرانس کے ایوان صدر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق فرانس اردن کے ساتھ مل کر غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کو انسانی بنیادوں پر طبی امداد دینے کا کام کرنا چاہتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS