مسلم پرسنل لاءبورڈ نظرثانی کی عرضی کرے گا داخل عدالت کی جانب سے دی گئی پانچ ایکڑ زمین بھی قبول نہیں

0

لکھنؤ:آل انڈیا مسلم پرسنل لا ءبورڈ مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ لکھنؤ کے ممتاز ڈگری کالج میں منعقدہ اجلاس میں بابری مسجد تنازعہ معاملے پر تبادلۂ خیال کیا گیا ہے۔آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے اجلاس کے بعد قاسم رسول الیاس نے پریس کانفرنس میں اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ ایودھیا معاملہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کی جائے گی۔اورمیٹنگ میں اتفاق رائے کے ساتھ یہ بھی طے پایاہے کہ سپریم کورٹ کے ذریعہ دی گئی پانچ ایکڑ زمین قبول نہیں کی جائے گی۔
قبل ازیں جمعیت العلماءہند کے قومی صدر مولانا ارشد مدنی نے پریس ریلیز اور میڈیا بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم فیصلے کے خلاف نظرثانی کی عرضی داخل کریں گے۔ ہمیں معلوم ہے کہ ریویوپٹیشن کا حال کیا ہونا ہے، لیکن پھربھی ہمارا یہ حق ہے۔ مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ ہم نہ مسجد کو دے سکتے ہیں اورنہ ہی اس کی جگہ کوئی زمین لے سکتے ہیں۔ مقدمے میں ہمیں ہمارا حق نہیں دیا گیا۔مدنی نے مزید کہاکہ کہ عدالت نے مسلم فریق کے بیشتر ثبوت کو قبول کیا ہے اور ہمارے پاس ابھی بھی قانونی اختیار ہے۔
ایودھیا تنازعہ میں مسلم فریق ہاشم انصاری کے بیٹے اقبال انصاری نے میٹنگ میں شرکت کرنے سے منع کر دیا تھا۔ اس مسئلے کویہیں پرختم کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ آگیا، فیصلے کوہم نے مان بھی لیا اوراب ہم آگے نہیں جانا چاہتے۔ ہم ہندوستان کے مسلمان ہیں اورہندوستان کا آئین بھی مانتے ہیں۔ اقبال انصاری نے کہا کہ ہندوستان کا اہم فیصلہ تھا۔ ہم اب اس معاملے کوآگے نہیں بڑھائیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس مسئلے کویہیں پرختم کردیا جائے۔ سپریم کورٹ میں راجیو دھون ہی مسلم فریق کی جانب سے پیروی کریں گے۔
پرسنل لاء بورڈ کی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ بورڈ کے صدرحضرت مولانا سید رابع حسنی ندوی کی صدارت میں ہوئی۔ اجلاس میں اہم مذہبی سماجی اور ملی شخصیات نے شرکت کی۔واضح رہے کہ میٹنگ کی تاریخ اور مقام پہلے سے طے شدا تھے۔یہ اجلاس دارالعلوم ندوة العلماءمیں ہونا تھا ،لیکن اچانک مقام تبدیل کرکے ممتاز ڈگری کالج کر دیا گیا تھا۔کیوں کہ ضلع انتظامیہ نے میٹنگ کرنے سے منع کردیا ، جس کے بعد ممتاز کالج میں میٹنگ کی گئی۔ 
اس اجلاس میں مولانا ارشد مدنی،مولانا محمود مدنی،مولانا جلال الدین عمری،مسلم لیگ کے رکن پارلیمنٹ محمد بشیر،رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی، ظفریاب جیلانی،مولانا ولی رحمانی،خلاد سیف اللہ رحمانی اور مولانا عمرین رحمانی وغیرہ نے میٹنگ میں شرکت کی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS