فلسطین کے مسئلہ پر کانگریس کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں، سلمان خورشید کا بیان

0

حیدرآباد: سابق وزیر خارجہ ورکن کانگریس ورکنگ کمیٹی سلمان خورشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو فلسطین وغزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے عالمی سطح پر کوشش کرنا چاہئے۔ گزشتہ ایک ماہ سے اسرائیل کی مسلسل بمباری سے 10ہزار سے زائد فلسطینی عوام معصوم بچے اور خواتین جاں بحق ہوئے ہیں۔ سلمان خورشید آج یہاں گاندھی بھون میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا اہلکاروں کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ گاندھی جی نے ابتداء ہی سے آزاد فلسطین کے قیام کی تائید کی تھی۔ کانگریس پارٹی فلسطین کے مسئلہ پر گاندھی جی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ اندرا گاندھی، راجیو گاندھی اور سونیا گاندھی نے بھی فلسطین کی آزادی کیلئے ہر فورم میں آواز بلند کی ہے۔

کانگریس کا یہ موقف جبکہ اسرائیل فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے تخلیہ کرکے فلسطینیوں کے حوالے کرے اور آج بھی ہم اسی موقف پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلہ کے حل کیلئے اس کی تہہ تک پہنچنے کی ضرورت ہے۔ ابتداء میں وزیر اعظم نریندر مودی نے غزہ پر اسرائیل کے موقف کی تائید کی۔

سلمان خورشید نے کہا کہ کانگریس پارٹی7/ اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملہ کی تائید نہیں کرتی تاہم غزہ میں اسرائیلی کی جوابی کاروائی جس میں ہزاروں معصوم فلسطینی ہلاک ہورہے ہیں وہ انسانیت کے خلاف جرم ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا بھتیجہ حماس کے حملے میں ہلاک

چنانچہ مرکزکی مودی حکومت کو غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے سفارتی سطح پر کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستان موجودہ حالات میں خاموش نہیں رہ سکتا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS