احمدآباد: آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم نے ایک بار پھر پاکستانی ٹیم کو شکست دے دی ہے۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 2023 ورلڈ کپ کے میچ میں ٹیم انڈیا نے بابر اعظم کی کپتانی والی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دی۔ ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پاکستان کی ٹیم صرف 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے صرف 30.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی حاصل کی اور پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی۔
احمد آباد میں کھیلے گئے اس مقابلے میں ہندوستان کی جانب سے روہت شرما نے کپتانی اننگز کھیلی۔ روہت نے 63 گیندوں میں 6 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے۔ اس کے بعد ویرات کوہلی بھی 18 گیندوں میں 16 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ شریس ائیر نے ناقابل شکست 53 رنز بنائے جبکہ کے ایل راہل 19 رنز بنا کر ناقابل شکست لوٹے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔ اس سے قبل 1999 میں پاکستانی ٹیم 180 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔