مودی نے چندریان 3 کی کامیابی پر اسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد دی، کہا ہندوستان کی کامیابی دنیا کی کامیابی ہے

0

جوہانسبرگ/نئی دہلی، (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے چندریان-3 مشن کی کامیابی پر ہندوستانی تحقیقی ادارے (اسرو) کے سائنسدانوں اور ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خلائی سائنس کے میدان میں ہندوستان نے سورج کے مطالعہ سے بڑی مہمات کا منصوبہ بنایا ہے۔

ہندوستان کی اس حصولیابی کو نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کے لوگوں کی کامیابی قرار دیتے ہوئے مسٹرمودی نے کہا کہ ہندوستان اس میدان میں دنیا کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے اس حصولیابی کو ناکامی کو کامیابی میں بدلنے کا کرشمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی (ترقی پذیر دنیا) کے ممالک بھی ایسی کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
وزیر اعظم نے جوہانسبرگ (جنوبی افریقہ) سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اسرو کے مشن کنٹرول روم میں تمام سائنس دانوں اور تکنیکی ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہندوستان جلد ہی سورج کے تفصیلی مطالعہ کے لیے “آدتیہ ایل ون” مشن شروع کرے گا۔

مسٹر مودی برکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے جنوبی افریقہ گئے ہیں۔ وہاں سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میرے پیارے ہم وطنو، یہ زندگی تب مبارک ہو جاتی ہے جب ہم تاریخ کو اپنی آنکھوں کے سامنے بنتے ہوئے دیکھتے ہیں۔ یہ لمحہ ناقابل فراموش ہے۔ یہ شام غیر معمولی ہے۔ یہ شام ترقی یافتہ ہندوستان کے بگل کا ہے۔ یہ نئے ہندوستان کے اعلان کا لمحہ ہے۔ یہ مشکلوں کے سمندر کو پار کرنے کا لمحہ ہے۔ یہ لمحہ فتح کا ، چاند پر چلنے کا ہے۔ یہ لمحہ 140 کروڑ دھڑکنوں کی طاقت کا ہے۔ یہ لمحہ ہندوستان میں نئی ​​توانائی، نئے یقین ، نئے شعور کاہے۔ یہ لمحہ ہندوستان کی بڑھتی ہوئی اپیل کا ہے۔ امرت کال کی پہلی روشنی میں کامیابی کی امرت کی بارش ہوئی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا،’’میرا دل چندریان مہا ابھیان پر بھی لگاہوا ہے۔ نئی تاریخ بنتے ہی پورا ہندوستان جشن میں ڈوب گیاہے۔ میں ٹیم چندریان، اسرو کو مبارکباد دیتا ہوں، جنہوں نے اس لمحے کے لیے برسوں سے سخت محنت کی ہے۔ جوش، خوشی اور جذبات سے بھرے اس لمحے کے لئے میں (مسٹر مودی)140 کروڑ ہم وطنوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ میرے پریوار جنوں ، ہمارے سائنسدانوں کی محنت اور قابلیت کی وجہ سے، ہندوستان چاند کے جنوبی قطب پر پہنچ گیا ہے، جہاں دنیا کا کوئی ملک نہیں پہنچ سکا۔‘‘
مسٹرمودی نے کہا کہ آج سے چاند سے متعلق افسانے بدل جائیں گے، کہانیاں بدل جائیں گی۔ نئی نسل کے لیے کہانیاں بھی بدلیں گی۔ ہندوستان میں ہم سب زمین کو ماں اور چاند کو ماما کہتے ہیں۔ کبھی کہاجاتا تھا کہ چندا ماما بہت دور ہیں۔ اب ایک دن ایسا بھی آئے گا جب بچے کہیں گے کہ چندا ماما بس ایک ٹور کے ہیں ۔ دوستو، اس خوشی کے موقع پر میں دنیا کے تمام لوگوں، تمام ممالک اور خطوں کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہندوستان کا چاند مشن صرف ہندوستان کا نہیں ہے۔ ہم اس سال جی 20 کی میزبانی کر رہے ہیں۔ ایک کنبہ، ایک مستقبل کا ہمارا وژن پوری دنیا میں گونج رہا ہے۔ ہمارا چاند مشن اس انسانیت پر مبنی نقطہ نظر پر مبنی ہے۔ اس لیے یہ کامیابی پوری انسانیت کی ہے۔ اس سے دوسرے ممالک کے چاند مشن کو مستقبل میں مدد ملے گی۔مجھے یقین ہے کہ دنیا کے تمام ممالک ایسا کر سکتے ہیں۔ ہم سب چاند اور اس سے آگے کے خواب دیکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چندریان کی یہ کامیابی ہندوستان کی اُڑان کو چاند کے مدار سے آگے لے جائے گی۔ ہم اپنے نظام شمسی کی حدود کو جانچیں گے اور انسانوں کے لیے کائنات کے بہت سے امکانات کو سمجھنے کی سمت کام کریں گے۔ ہم نے مستقبل کے لیے بہت سے بڑے اور اہم اہداف طے کیے ہیں۔ جلد ہی سورج کے تفصیلی مطالعہ کے لیے آدتیہ ایل 1مشن لانچ کرنے جا رہے ہیں۔ اس کے بعد زہرہ (وینس) بھی اسرو کے مقاصد میں سے ایک ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS