یوپی میں 8 ہزار مدارس غیر تسلیم شدہ، سروے مکمل

0

لکھنئو، (ایجنسیاں) :اتر پردیش میں مدارس کے حوالے سے جاری سروے مکمل ہو گیا ۔ پوری ریاست میں تقریباً 8 ہزار مدارس غیر تسلیم شدہ پائے گئے۔ حالانکہ اس سلسلہ میںتمام ڈی ایم اپنے اپنے اضلاع کی رپورٹ 15 نومبر تک حکومت کوبھیجیں گے۔ریاست میں غیر تسلیم شدہ مدارس کا سروے 10 ستمبر سے شروع ہوا تھا۔ پیر تک ٹیموں نے سروے مکمل کر کے اپنی رپورٹ ضلع مجسٹریٹوں کو بھیج دی ۔ سب سے زیادہ غیر تسلیم شدہ مدارس مراد آباد میںملے۔ بجنور دوسرے نمبر پر اور بستی تیسرے نمبر پر ہے۔ رجسٹرار مدرسہ بورڈ جگموہن سنگھ کے مطابق تقریباً 8 ہزار غیر تسلیم شدہ مدارس ملنے کی بات کہی جارہی ہے ، لیکن ضلع مجسٹریٹوں کی رپورٹ آنے کے بعد ہی صحیح صورت حال کاپتہ چل سکے گا۔حکومتی سطح پر اسپیشل سکریٹری اقلیتی، ڈائرکٹر اقلیتی اور رجسٹرار مدرسہ بورڈ کی سہ رکنی کمیٹی نے پورے سروے کی نگرانی کی۔ سروے میں بنیادی طور پریہ پتہ لگایا گیا کہ مدارس کی آمدنی کے ذرائع کیا ہیں۔ اس کے علاوہ عمارت، پانی، فرنیچر، بجلی اور بیت الخلاکے کیا انتظامات ہیں اور کونسی تنظیم مدرسہ کو چلاتی ہے؟ اس کے علاوہ منظوری کی پوزیشن، طلبا کی تعداد اور ان کے حفاظتی انتظامات، نصاب اور پڑھانے والے اساتذہ کی تعداد جیسے مختلف پہلوﺅں کی چھان بین کی گئی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS