محمد اسلم
نئی دہلی. دیر رات یمناپار کے گوکل پوری اسمبلی علاقے کی کچی آبادی میں زبردست آگ لگ گئی۔ جس میں 7 افراد کی جھلس کر دردناک موت ہو گئی ۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال اور شمال مشرقی دہلی کے ایم پی منوج تیواری نے اس حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے۔ فائر کنٹرول روم کو آگ لگنے کی اطلاع دیر رات ایک بجے کے قریب دی گئی۔ مختلف فائر اسٹیشنوں سے ایک درجن سے زائد آگ بجھانے والے آلات کو موقع پر بھیج دیا گیا۔ 65 سے زائد فائر فائٹرز کی ٹیم نے آگ پر قابو پالیا۔ آتشزدگی
کے اس واقعہ میں تقریباً 60 جھونپڑیاں جل گئیں۔ آگ بجھانے کے بعد تلاشی لی گئی تو اندر سے 7 جلی ہوئی لاشیں ملیں۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ دہلی پولیس اور شمال مشرقی ڈی ایم کی ٹیم اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
وزیر اعلی اروند کیجریوال اور ایم پی منوج تیواری نے اس حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے، ایم پی منوج تیواری، کانگریس کے دہلی پردیش کے صدر انل چودھری، گوکل پوری اسمبلی حلقہ کے ممبر اسمبلی چودھری سریندر کمار، اور شمال مشرقی ضلع ڈی ایم گتیکا شرما
نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے اور صورتحال کا جائزہ لیا ہے ۔ ایم پی منوج تیواری نے متاثرہ خاندان کو مناسب معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ معاملے کی تفتیش و جانچ جاری ہے اور موقع تمام سرکاری عملہ خبر تحریر کیے جانے تک موجود ہے.