کورونا لاک ڈاؤن کے دوران 67فیصد لڑکیاں تعلیم سے محروم

0

نئی دہلی (یو این آئی) : کورونا وبا کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے دوران 67 فیصد لڑکیاں تعلیم سے محروم رہیں، 67 فیصد کو طبی اورغذائی خدمات حاصل نہیں ہوسکیں اور 56 فیصد گھروں میں بند ہو رہ گئیں۔ایک تحقیق کے مطابق بدلے ہوئے حالات میں زیادہ تر ماؤں نے اعتراف کیا کہ کووِڈ 19 کی وجہ سے لڑکوں کے مقابلے لڑکیوں کی جلد شادی کئے جانے کے امکانات زیادہ بڑھ گئے ہیں ۔ سماجی تنظیم ’سیو دی چلڈرن‘ کی شہری جھگیوں میں رہنے والی لڑکیوں پر کووڈ 19 کے اثرات پر ایک رپورٹ ‘اسپاٹ لائٹ آن ایڈولسنٹ گرلز امیڈ کووڈ- 19سیو دی چلڈرن ونگز 2022’ میں انکشاف ہوا ہے کہ شہری جھگیوں میں زیادہ تر نوعمر لڑکیاں ماہواری کے دوران لڑکوں کے مقابلے میں صحت اور تعلیم کی بنیادی خدمات سے محروم رہیں۔68فیصد نوعمر لڑکیوں کو طبی اورغذائی خدمات تک رسائی میں چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس کے علاوہ معاشی دباؤ اور گھریلو حالات کی وجہ سے 67فیصد لڑکیاں لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن کلاسز میں حصہ نہیں لے سکیں ۔ تحقیق کے مطابق 56 فیصد لڑکیوں کو لاک ڈاؤن کے دوران ’آؤٹ ڈور کھیل‘ اور’تفریح‘ کے لیے وقت نہیں ملا۔ وہ زیادہ تر وقت گھروں میں بند رہیں ۔مطالعہ میں نصف سے زیادہ ماؤں نے اعتراف کیا کہ کورونا وباء کی وجہ سے معاشی دباؤ بڑھ گیا ہے اور کووڈ-19کی وجہ سے لڑکوں کے مقابلے لڑکیوں کی جلد شادی کے امکانات زیادہ ہیں ۔اس رپورٹ میں ملک میں وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران اور بعد میں لڑکیوں کی صورتحال کا تجزیہ کیا گیا۔ اس مطالعہ میں ان کے عدم تحفظ کے تناظر میں ہونے والی تبدیلیوں پر توجہ مبذول کرتے ہوئے صحت، تعلیم، اور کھیلوں اور تفریح کے مواقع کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا انکشاف کیا گیا ہے ۔ اس میں صحت اور غذائیت کے تعلق سے بڑھتے ہوئے عدم تحفظ ، تعلیم کے مواقع میں آئی اچانک گراوٹ ،جلد شادی کرنے کا دباؤ، کھیلوں اور تفریح کے لیے محدود سہولیات شامل ہیں۔مؤثر اور جامع تبدیلی لانے کے مقصد سے یہ مطالعہ چار ریاستوں دہلی، مہاراشٹر، بہار اور تلنگانہ میں کیا گیا ۔ وہ ملک کے چار جغرافیائی خطوں مشرقی، مغربی، شمالی اور جنوبی کی نمائندگی کرتے ہیں۔مطالعہ میں دہلی کے تناظر میں کہا گیاکہ سب سے زیادہ اثر لڑکیوں کے غذائیت کے انڈیکس پر پڑا۔ دہلی میں پانچ میں سے چار گھرانے( 79فیصد) خوراک کی کمی کا شکاررہے ۔ تین میں سے دو ماؤں(63فیصد) نے بتایا کہ ان کی نوعمر لڑکیوں کو لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران سینیٹری نیپکن حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS