NGO’sکے لائسنس کی تنسیخ کا معاملہ
نئی دہلی (ایجنسیاں) : غیر ملکی عطیات کے لیے این جی اوز کے ایف سی آر اے لائسنس کی منسوخی کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے۔ سپریم کورٹ میں 6 ہزار سے زائد این جی اوز کی ایف سی آر اے رجسٹریشن کی تنسیخ کو چیلنج کرنے کی درخواست داخل کی گئی ہے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ لائسنسوں کی منسوخی سے کووڈ ریلیف کے کام متاثر ہو سکتے ہیں۔ معاملے کی پہلی سماعت 24 جنوری کو ہوگی۔ امریکہ کی این جی او گلوبل پیس انیشیٹو نے یہ پٹیشن داخل کی ہے۔ درخواست میں مدر ٹریسا کے ذریعہ شروع مشنریز آف چیریٹی کا بھی حوالہ دیا گیا تھا، حالانکہ مرکز نے 6 جنوری کو اس کے ایف سی آر اے لائسنس کی تجدید کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان این جی اوز سے لاکھوں ہندوستانیوں کی مدد کی جاتی ہے۔ ان ہزاروں این جی اوز کی ایف سی آر اے رجسٹریشن کی اچانک اور من مانی تنسیخ ان تنظیموں، ان کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ ان لاکھوں ہندوستانیوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے جن کی وہ خدمت کرتے ہیں۔ یہ ایسے وقت کیاگیا جب ملک کو کووڈ-19 وائرس کی تیسری لہر کا سامنا ہے۔ تقریباً 6000 این جی اوز کے لائسنس کی منسوخی سے امدادی سرگرمیاں متاثر ہوں گی اور ضرورت مند شہری امداد سے محروم ہو جائیں گے۔ درخواست میں این جی اوز کے ایف سی آر اے لائسنس میں اس وقت تک توسیع کی درخواست کی گئی جب تک کووڈ کو ‘قومی آفت’ کے طور پر نوٹیفائی نہیں کیا جاتا۔
6ہزار عرضیاں سپریم کورٹ میں داخل، سماعت 24کو
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS