ڈیوائڈر پر سونے والے 6افراد کو ٹرک نے کچلا،4کی موت، 2زخمی

0

اظہارالحسن/ محمد اسلم
نئی دہلی، (ایس این بی ) : شاہدرہ ضلع کے سیما پوری علاقے میں منگل کی دیررات ایک تیز رفتار ٹرک نے سڑک کے ڈیوائیڈر پر سوئے ہوئے 6 لوگوں کو کچل دیا، جس سے 4لوگوں کی موت اور 2 زخمی ہو گئے۔ حالانکہ معاملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں زخمیوں کو قریبی جی ٹی بی اسپتال میں داخل کرایا گیاہے، جہاں ان کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ مرنے والوں کی شناخت کریم (52)، چھوٹے خان (25)، شاہ عالم (38) ساکن سیما پوری اور راہل(45) ساکن صاحب آباد، یوپی کے شالیمار گارڈن کے طور پر کی گئی ہے، جبکہ دونوں زخمیوں کی شناخت منیش (16) ساکن صاحب آباد، یوپی اور پردیپ (30) ساکن طاہر پور کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے چاروں لاشوں کو اپنے قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کےلئے بھیج دیا ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے مقدمہ درج کرکے فرار ٹرک ڈرائیور کے بارے میں جاننے کی کوشش شروع کردی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ منگل کی دیر رات تقریباً 1:50 بجے پیش آیا، جب ایک بے قابو ٹرک نے ڈیوائیڈر پر سوئے ہوئے 6 لوگوں کو کچل دیا، جس میں 2 افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ معاملے کی اطلاع پر پہنچی پولیس نے فوری طور پر4 افراد کو زخمی حالت میں جی ٹی بی اسپتال میں داخل کرایا، جہاں علاج کے دوران مزید 2 افراد کی موت ہوگئی، جبکہ 2 کی حالت اب بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ ڈی سی پی آر ستیہ سندرم نے بتایا کہ منگل کی دیر رات تقریباً 1.50 بجے ایک ٹرک ڈی ٹی سی ڈپو کے ٹریفک سگنل کو عبور کرتے ہوئے ڈی ایل ایف ٹی پوائنٹ کی طرف جا رہا تھا، جب اس نے ڈیوائیڈر پر سوئے ہوئے 6 لوگوں کو کچل دیا۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت جاوید، چھوٹے خان، شاہ عالم، راہل کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ2 زخمیوں کی شناخت منیش اور پردیپ کے طور پر ہوئی ہے۔ ڈی سی پی نے کہا کہ اس معاملے میں پولیس نے فرار ٹرک ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ پولیس ٹیم سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ٹرک ڈرائیور کی تلاش کر رہی ہے۔ فی الحال پولیس ٹیم تفتیش کر رہی ہے۔ متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور علاقے کے سی سی ٹی وی کیمرا فوٹیج سے بھی معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے تاکہ ملزم ٹرک کنٹینر ڈرائیور کو گرفتار کیا جا سکے۔ تمام مرنے والے افراد کوڑا چننے کا کام کرتے تھے اور وہیں فٹ پاتھ پر سو جایا کرتے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS