ہند-بنگلہ دیش دوستی کے50سال مکمل،شیخ حسینہ کا اظہار مسرت

0

ڈھاکہ/ نئی دہلی (یو این آئی) : بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ہندوستان کے ساتھ دوستی کے 50سال مکمل ہونے کے موقع پرخوشی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔محترمہ حسینہ نے نئی دہلی میں انڈین کونسل آف ورلڈ افیئرز (آئی سی ڈبلیو اے ) میں منعقدہ فرینڈشپ ڈے کی تقریبات کے دوران نشر ہونے والے ایک ویڈیو پیغام میں مذکورہ خیالات کا اظہار کیا۔ یہ تقریب دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تعلقات کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی۔ انہوں نے کاروباری سرگرمیوں کو تیز کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان عوام کے درمیان رابطے بڑھانے پر بات کی۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تعلقات کی قدر کرتے رہیں گے۔ ساتھ ہی یہ سالگرہ ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے لے جانے اور بنگلہ دیش اور ہندوستان کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کام کرنے کے اپنے وعدوں کو دہرانے کا ایک موقع ہے ۔محترمہ حسینہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے مارچ 2021میں بنگلہ دیش کے اپنے دورے کے دوران ڈھاکہ اور نئی دہلی سمیت 18منتخب شہروں میں مشترکہ تقریبات منعقد کرنے اور 6دسمبر کو یوم دوستی کے طور پر تسلیم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آنے والی دہائیوں میں دونوں ممالک کے عوام مل کر اپنے وژن اور نظریات کو حقیقت میں بدلتے رہیں گے۔’ڈھاکہ ٹریبیون‘ نے اپنی رپورٹ میں کہاکہ بنگلہ دیش اور ہندوستان سفارتی تعلقات کے قیام کی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں۔ یہ ہمارے دوطرفہ تعلقات کے سفر میں ایک سنگ میل ہے۔ ہندوستان نے 6دسمبر 1971کو بنگلہ دیش کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS