جموں و کشمیر کے دو اضلاع میں 4 جی انٹرنیٹ خدمات بحال

    0

    جموں و کشمیر کے دو اضلاع گاندربل اور ادھم پور میں اتوار کی رات4 جی موبائل انٹرنیٹ خدمات زائد از ایک سال بعد تجرباتی طور پر بحال کر دی گئی ہیں ۔ تاہم باقی 18 اضلاع کو ان خدمات کے لئے ابھی اور انتظار کرنا پڑے گا۔
    جموں و کشمیر حکومت کے محکمہ داخلہ کے مطابق گاندربل اور ادھم پور اضلاع میں اتوار کی رات نو بجے فور جی انٹرنیٹ خدمات تجرباتی طور پر بحال کر دی گئیں ہیں جبکہ باقی اضلاع میں اگلے احکامات تک ٹو جی انٹرنیٹ خدمات ہی جاری رہیں گی۔
    قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ سال پانچ اگست کو دفعہ 370 منسوخ کر کے جموں و کشمیر کو حاصل نیم خود مختار حیثیت ختم کر دی تھی اور اسے مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر دیا تھا۔ اس اقدام کے بعد احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ خدمات کو بھی معطل کر دیا گیا تھا۔
    مرکزی حکومت نے گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ جموں و کشمیر کے دو اضلاع میں 15 اگست کے بعد 4جی انٹرنیٹ تجرباتی طور پر بحال کی جائیں گی اور صورتحال بہتر رہنے کی صورت میں باقی اضلاع میں 4جی انٹرنیٹ مرحلہ وار طریقے سے بحال کیا جائے گا۔
    اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے سپریم کورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ پر پابندی سے نہ تو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج پر کوئی اثر پڑا ہے اور نہ ہی تعلیمی اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔
    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کشمیر میں سیکورٹی کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر موبائل فونز پر 4جی انٹرنیٹ کی بحالی کے لئے ماحول سازگار نہیں ہے۔
    قبل ازیں سپریم کورٹ نے جموں و کشمیر انتظامیہ سے کہا تھا کہ وہ مخصوص علاقوں میں 4جی انٹرنیٹ کی بحالی کے امکانات کا جائزہ لے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS