شطرنج اولمپیاڈ کی مشعل ریلے ملک بھر کے 75 شہروںسے گزرے

0

 

نئی دہلی(یو این آئی) : وزیر اعظم نریندر مودی اتوار کو پہلی بار شطرنج اولمپیاڈ کی مشعل ریلے کا افتتاح کریں گے ۔ وزیر اعظم مودی اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں شطرنج اولمپیاڈ کے 44ویں ایڈیشن کے لیے مشعل ریلے کو روانہ کریں گے ۔
شطرنج اولمپیاڈ مشعل ریلے اپنے افتتاحی سال میں ملک بھر کے 75 شہروں کا دورہ کرے گی اور پھر میزبان شہر چنئی کے پاس واقع تاریخی مقام مہابلی پورم پہنچے گی۔ آل انڈیا شطرنج فیڈریشن (اے آئی سی ایف) نے جمعہ کو اس مشعل ریلے کا روٹ میپ جاری کیا۔
بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن (ایف آئی ڈی ای) کا خیال ہے کہ شطرنج کی ابتدا ہندوستان میں ہوئی تھی اور اسی وجہ سے اس نے ہندوستان کو عزت دینے کے لیے اولمپک مشعل ریلے طرز کی مشعل ریلے کی روایت شروع کی۔ اس سال کے ایونٹ کے بعد دنیا میں جب بھی کہیں شطرنج اولمپیاڈ کا انعقاد کیا جائے گا تو اس کی لوہندوستان سے نکلے گی اور پھر تمام ممالک کا سفر کرتے ہوئے میزبان ملک کے میزبان شہرمیں پہنچے گی۔ اس سال چونکہ وقت کم تھا، لہٰذا ایف آئی ڈی ای اوراے آئی سی ایف نے مشعل ریلے کو ہندوستان میں ہی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا اور اسی کے تحت 75 شہروں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔
پانچ بار کے عالمی چیمپئن وشواناتھن آنند نے جمعہ کی شام نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا، “میں اس تاریخی لمحے کا حصہ بننے کے لیے واقعی بہت پرجوش ہوں۔ میں ہمیشہ اولمپک مشعل ریلے کے تصور سے پرجوش تھا اور اب ہمارے پاس شطرنج میں بھی مشعل ریلے ہے ۔ لیکن سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کی شروعات ہمیشہ ہندوستان سے ہوگی اور ایک ہندوستانی کے طور پر، مجھے اس حقیقت پر واقعی فخر محسوس ہوتا ہے ۔”
آل انڈیا شطرنج فیڈریشن کے صدر سنجے کپور اورسکریٹری و اولمپیاڈ کے ڈائریکٹر بھرت سنگھ چوہان کے علاوہ اس پروگرام میں ٹیک مہندرا کے چیف آف اسٹریٹجی جگدیش مترا اور پرنسپل سکریٹری، تمل ناڈو حکومت اپوروا بھی موجود تھیں۔
قومی راجدھانی دہلی سے شروع ہو کر تاریخی اولمپیاڈ ٹارچ ریلے پورے ملک کا سفر کرے گی۔ 27 جولائی کو اپنی منزل مہابلی پورم پہنچنے سے پہلے یہ مشعل ریلے لیہہ، سری نگر، جے پور، سورت، ممبئی، بھوپال، پٹنہ، کولکاتہ، گنگٹوک، حیدرآباد، بنگلورو، تھریسور، پورٹ بلیئر اور کنیا کماری سمیت 75 شہروں سے گزر کر گی۔
اے آئی سی ایف کے سکریٹری اور اولمپیاڈ کے ڈائریکٹر بھرت سنگھ چوہان نے کہا، “شطرنج اولمپیاڈ ٹارچ ریلے ہندوستان میں کھیل کو مقبول بنانے کا ایک بہترین ذریعہ ہے ۔ ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ یہ ملک کے کونے کونے کا دورہ کرے اور بہت سے لوگوں کو متاثر کرے ۔ یہ سب کے لیے زندگی میں ایک بار آنے والا موقع ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ لوگ اس کا تہہ دل سے خیرمقدم کریں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ اس سمت میں بہت زیادہ تعاون کرے گا۔
اے آئی سی ایف کے صدر کپور نے مزید کہا، “یہ اولمپیاڈ مشعل ریلے ہندوستانی کھیلوں کی تاریخ میں ایک سنہرے باب کا اضافہ کرے گی۔ اولمپیاڈ کے ہر آنے والے ایڈیشن کے دوران مشعل ریلے کی شروعات ہندوستان سے ہوگی اوریہ ہماری آنے والی نسلوں کو اس کھیل کو اختیارکرنے کی ترغیب دے گی۔ فیڈریشن کی طرف سے ، ہم ہماری دعوت قبول کرنے کے لیے عزت مآب وزیر اعظم مودی جی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں ہمارے وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سمیت سبھی کی حمایت حاصل ہے ۔”
دنیا کے سب سے بڑے شطرنج اولمپیاڈ کا 44 واں ایڈیشن چنئی کے قریب مہابلی پورم میں 28 جولائی سے 10 اگست تک منعقد ہوگا۔ شطرنج اولمپیاڈ کی تقریباً 100 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان اس کی میزبانی کرے گا۔ آنے والے اولمپیاڈ کے لیے 188 ممالک نے رجسٹریشن کرالیاہے اور یہ ممالک کی تعداد کے لحاظ سے ہندوستان میں ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا کھیلوں کا ایونٹ ہے ۔ ہندوستان اس عظیم موقع کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS