تلنگانہ کے جونیر اور ریزیڈنٹ ڈاکٹرس کی ہڑتال جاری

0
image:timesofindia.indiatimes.com

حیدرآباد: (یواین آئی) محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ بات چیت کی ناکامی کے بعد تلنگانہ جونیر ڈاکٹرس ایسوسی ایشن (جوڈا)اور تلنگانہ سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن (ٹی ایس آرڈی اے) نے اپنا احتجاج جاری رکھاجنہوں نے تلنگانہ بھر کے تمام سرکاری ٹیچنگ اسپتالوں میں اپنی خدمات کا بائیکاٹ کیا۔یہ ڈاکٹرس ریاستی حکومت سے ان کے مطالبات پر تحریری یقین دہانی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ان ڈاکٹرس نے آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیشتر مسائل بشمول کوویڈ کے اسپتالوں میں فرائض کی انجام دہی کے دوران کوویڈ سے مرنے والے ہیلت ورکرس کو ایکس گریشیا،ہیلت کیر اسٹاف اور ان کے ارکان خاندان کو نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (نمس)میں علاج کے لئے بستروں کی فراہمی پر تحریری یقین دہانی کروائی جائے۔محکمہ صحت کے حکام نے ان کو کل رات ہوئی بات چیت میں بتایا کہ سینئر ریزیڈنٹس کی تنخواہوں میں 15فیصد اضافہ کا سرکاری حکم نامہ اندرون ایک یا دو دن میں جاری کردیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ہڑتال کو ختم کرنے سے پہلے اس سرکاری حکم نامہ کی اجرائی کے وہ منتظر ہیں۔آج صبح ہی سے اپنے مطالبات کی حمایت میں ان ڈاکٹرس نے مختلف سرکاری اسپتالوں کے احاطہ میں سلسلہ وار احتجاجی مظاہرے کئے اور اپنے مطالبات کی حمایت میں نعرے بازی کی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS