3 ماہ کے بچے کی جانب سے ہائی کورٹ میں عرضی دائر

0

نئی دہلی (ایس این بی) : 3ماہ کے بچے کی جانب سے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں ماں کے لیے زچگی کی چھٹی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بچے نے درخواست دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماں کو اس کی دیکھ بھال کے لیے زچگی کی چھٹی نہ دینا اس کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہے، کیونکہ والدین کی طرف سے دیکھ بھال کرنا اس کا حق ہے۔واضح رہے کہ اس کی والدہ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن میں کام کرتی ہے۔ کارپوریشن نے 2017 کے سرکلر کی بنیاد پر اسے زچگی کی چھٹی دینے سے انکار کر دیا تھا۔ سرکلر کی بنیاد پر صرف 2 بچوں کی پیدائش پر 180 دن کی زچگی چھٹی دینے کا التزام ہے۔
جسٹس نجمی وزیری اور جسٹس سورن کانتا شرما کی بنچ نے کارپوریشن کو اس معاملے میں اپنا جواب داخل کرنے کا آخری موقع دیا اور سماعت 17 مئی تک ملتوی کر دی۔ بنچ نے کارپوریشن سے کہا کہ وہ اپنا جواب داخل کرے ورنہ اسے اپنا موقف مزید پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسے 25ہزار روپے ہرجانے کے ساتھ اپنا جواب بھی داخل کرنا چاہیے کیونکہ اس معاملے میں اسے مارچ کے مہینے میں ہی جواب داخل کرنے کے لیے کہا گیا تھا اور اس نے ابھی تک جواب داخل نہیں کیا ہے۔ یہ ایک لازمی معاملہ ہے جس پر جلد سماعت کرنے کی ضرورت ہے۔
بنچ نے د ہلی حکومت کے ڈپٹی کنزرویٹر آف فاریسٹ (جنوبی) کے سامنے ہرجانے کی رقم جمع کرانے کے لیے کہا ہے۔ بنچ نے کنزرویٹر آف فاریسٹ سے اس رقم سے شہر میں پودے لگانے کے لیے بھی کہا ہے۔ انہوں نے کارپوریشن اور کنزرویٹر آف فاریسٹ سے بھی کہا ہے کہ وہ پودے لگانے کی جگہ اس کی تصاویر اور اس کی حفاظت کے حوالے سے انتظامات کریں۔ پودا بھی 2 سال پرانا اور 6 فٹ لمبا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کنزرویٹر آف فاریسٹ سے کہا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔ بنچ نے کہا کہ اس معاملے کی فوری سماعت کی ضرورت ہے۔ اس کے پیش نظر ایک ایڈووکیٹ شاہ رخ عالم کو بھی اس مقدمہ میں عدالت دوست مقرر کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS