ممبراسمبلی اسلم راعین بھی باہر، ایم پی ظفر اسلام نئی فہرست میں شامل
لکھنؤ (ایس این بی) : حج کمیٹی کے 3 ممبران کی رکنیت ختم کرکے ممبر پارلیمنٹ ظفر اسلام کو کمیٹی کا نیا ممبر نامزد کیا گیا ہے، جن ممبران کی رکنیت ختم کی گئی ہے، ان میں ممبراسمبلی اسلم راعین بھی شامل ہیں۔ ریاستی حکومت نے حج کمیٹی کی تشکیل میں آنے والی سبھی رکاوٹوں (عدم مساوات) کو دور کر لیا ہے اور آئندہ 30 دسمبر کو سہ پہر 4 بجے باپو بھون کی چوتھی منزل پر واقع کمرہ نمبر 432 محکمہ سماجی بہبود کے آڈیٹوریم میں میٹنگ طلب کی گئی ہے، جس میں حج کمیٹی کے چیئرمین کا انتخاب ہوگا۔ بتایا جارہا ہے کہ ممبراسمبلی کوٹے سے حج کمیٹی کے رکن، وزیر مملکت محسن رضا حج کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہو سکتے ہیں۔ روزنامہ راشٹریہ سہارا میں خبر شائع ہونے کے بعد ریاستی حکومت نے اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے حج کمیٹی کی تشکیل کیلئے گزشتہ 24 دسمبر کو گزٹ جاری کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے 10 ستمبر 2021 کو حج کمیٹی کی تشکیل کیلئے 14 ممبران کو نامزد کیا تھا،جس میں ممبر اسمبلی اسلم راعین، وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی سے رضاکار کوٹے کے رکن حاجی عبدالرحیم اور پریاگ راج سے رضاکار کوٹے کے وسیم احمد بھی شامل تھے، جنہیں اب ہٹا دیا گیا ہے۔ سابقہ فہرست میں کوئی بھی مسلم ممبرپارلیمنٹ حج کمیٹی کا رکن نہیں تھا، لیکن اب راجیہ سبھا کے رکن سید ظفر اسلام کو یوپی حج کمیٹی کا ممبر بنایا گیا ہے۔ نئی کمیٹی میں کل 14 ممبران ہوں گے ان میں سید ظفر اسلام (ممبر راجیہ سبھا)، محسن رضا (ممبر ریاستی کونسل)، شوکت علی (کارپوریٹر میرٹھ)، فیصل علی خاں (کارپوریٹر لکھنؤ)، مولانا وقار حیدر (شیعہ عالم دین اعظم گڑھ)، امان اللہ (مسلم ماہر قانون مرزا پور)، مولانا حافظ محمد جاوید (مذہبی رہنما، جھانسی)، سرفراز علی (سماجی کارکن نوئیڈا)، محمد افتخار حسین (سماجی کارکن گورکھپور)، ڈاکٹر سید احتشام الہدیٰ (سماجی کارکن، بریلی)، سرور صدیقی (سماجی کارکن، بھدوہی)، سید کلب حسین کبّن نواب (سماجی کارکن، لکھنؤ) کے علاوہ دو بااختیار عہدہ رکن چیئرمین اترپردیش شیعہ سینٹرل وقف بورڈ لکھنؤ اور ایگزیکٹیو افسر اترپردیش ریاستی حج کمیٹی شامل ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ یوپی کی مدت کار3 برس قبل (27 اگست 2018) کو مکمل ہوگئی تھی، اب حکومت نے اقلیتی بہبود اور وقف سیکشن-4 نئے نیا نوٹیفکیشن جاری کرکے نئی کمیٹی کی تشکیل کیلئے 14 ممبران نامزد کئے ہیں۔ یہ ممبران 30 دسمبر سہ پہر 4 بجے باپو بھون کی چوتھی منزل پر واقع محکمہ سماجی بہبود کے آڈیٹوریم میں طلب کی گئی میٹنگ میں حج کمیٹی کے چیئرمین کو منتخب کریں گے۔
اترپردیش حج کمیٹی سے3 ممبران ہٹائے گئے
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS