ایئر لائنز میں نوکری کے نام پر دھوکہ دینے والے 3 افراد گرفتار

0
news18

نئی دہلی (ایس این بی) : دہلی پولیس نے راجستھان کے 3 افراد کو نجی ایئر لائنز میں نوکری دلانے کے نام پر لوگوں سے دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ پولیس حکام نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ ملزمین کی شناخت جگموہن شرما (34)، ابھیشیک ورما (32) اور پورکھا رام (24) کے طور پر کی گئی ہے۔ تینوں ملزمین راجستھان کے رہنے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دھوکہ باز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نوکریوں کے جعلی اشتہارات پوسٹ کرتے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ شکایت دہلی کے مالویہ نگر کے رہنے والے ایک شخص نے کی تھی۔ شکایت کنندہ نے کہا تھا کہ اس نے فیس بک پر انڈیگو ایئر لائنز میں ملازمت کے تعلق سے ایک اشتہار دیکھا تھا۔ شکایت کنندہ کے مطابق اس نے اشتہار میں دیے گئے موبائل نمبر پر رابطہ کیا جس کے بعد نامعلوم جعلسازوں نے اس سے 20,784 روپے کا جھانسہ دیا۔ پولیس نے بتایا کہ ادائیگی کے دوران دھوکہ بازوں نے انڈیگو کے نام پر مبارکبادی کے خطوط اور فرضی تقرری لیٹر بھی بھیجے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس (جنوبی دہلی) پون کمار نے کہا کہ جانچ کے دوران پتہ چلا کہ ملزمین وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول (وی او آئی پی) کال کا استعمال کر رہے تھے۔ جانچ کے دوران پولیس کو جعلی ایڈریس پر سم کارڈ اور بینک اکاؤنٹ کی معلومات ملی، اس لیے ان کا پتہ لگانا مشکل تھا۔ تاہم مشتبہ افراد کے بارے میں تمام ممکنہ تکنیکی تفصیلات حاصل کر لی گئیں اور ان کا سراغ لگاکر انہیں گرفتار کیاگیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS