دہلی میں ٹریفک ضوابط کی خلاف ورزی، 2450افراد پر جرمانہ

0

ہولی کے دن شراب پی کر گاڑی چلانے اور شب برأت کے موقع پرقانون شکنی پر کی گئی کارروائی
نئی دہلی (ایس این بی) : ہفتہ کو ہولی اور شب برأت کے موقع پر ٹریفک ضوابط کی خلاف ورزی کرنے اور شراب پی کر نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والے ڈرائیوروں کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 2450افراد پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ پولیس کے مطابق مختلف ٹریفک ضوابط کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں 2456 چالان جاری کیے گئے ہیں۔ ان میں بیشتر بغیر ہیلمیٹ کے دوپہیہ گاڑیاں چلانے کے تھے۔ جمعہ کی شام سڑک حادثہ میں 13سالہ ایک لڑکے کی موت ہوگئی اور 4دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس حادثہ میں بارہ پلا فلائی اوور پر ایک تیز رفتار کار نے ایک آٹورکشا کو ٹکر ماردی تھی۔ پولیس کے مطابق 1921لوگوں پر بغیر ہیلمیٹ کے دوپہیہ گاڑیاں چلانے، 314پر دوپہیہ گاڑیوں پر 3لوگوں کے سوار ہونے، 196لوگوں پر نشہ میں گاڑی چلانے اور 25لوگوں پر خطرناک طریقہ سے گاڑی چلانے پر جرمانہ لگایاگیا ہے۔
جوائنٹ پولیس کمشنر (ٹریفک) وویک کشور نے اس سے قبل کہا تھا کہ دہلی ٹریفک پولیس نے پختہ انتظامات کیے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو اہم شاہراہوں اور چوارہوں پر تعینات کیا جائے گا۔ ٹریفک ٹیم میں مختلف علاقوں میں لگائی جائے گی۔ انہوںنے سبھی سے ٹریفک ضوابط پر عمل کرانے کی گزارش کرتے ہوئے شراب پی کر گاڑی نہ چلانے، دوپہیہ گاڑیوں پر 3لوگ سوار نہ ہونے اور بغیر ہیلمیٹ کے دوپہیا گاڑیوں سے نہ چلنے کی اپیل کی تھی۔ غور طلب ہے کہ دہلی پولیس نے گزشتہ سال ہولی پر 3282 لوگوں پر جرمانہ لگایا تھا۔
واضح رہے کہ ہرسال پولیس کی اپیل کے باوجود سماج دشمن عناصر ٹریفک ضوابط کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنے آپ کو تو خطرے میں ڈالتے ہی ہیں، دوسروں کے لیے بھی وہ خطرہ بن جاتے ہیں۔ نتیجتاً کئی افراد سڑک حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔ حادثات کو روکنے کے مقصد سے پولیس کے اعلیٰ افسران اپنے ماتحتوں کو خصوصی ہدایت دیتے ہیں تاکہ سڑک حادثات کو روکا جاسکے اور لوگوں کو محفوظ ڈرائیونگ کے لیے آمادہ کیا جاسکے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS