مالکان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا این جی او کا مطالبہ
نئی دہلی (ایس این بی) : شمالی دہلی کے علی پور علاقہ میں منگل کو چلائے گئے ریسکیو آپریشن کے دوران غیرقانونی طور سے کام کررہے 24بچہ مزدوروں کو آزاد کرایاگیا۔ ایس ڈی ایم رنجیت سنگھ اور سہیوگ کیئر این جی او کی مدد سے یہ ریسکیو آپریشن چلایاگیا۔ آٖپریشن ٹیم میں شامل پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ آزاد کرائے گئے بچوں کی عمر 7سے 15سال کے درمیان ہے۔ ریسکیو کے دوران چیف ضلع میڈیکل افسر (سی ڈی ایم او) اور چائلڈ کیئر کمیٹی کی نگرانی میں سبھی بچوں کا میڈیکل اور کووڈ ٹیسٹ بھی کرایاگیا۔ اس موقع پر بچوں کو بچہ مزدوری سے بچانے والی تنظیم سہیوگ کیئر کے ڈائریکٹر شیکھر مہاجن نے بتایا کہ یہ بچے آس پاس کی ریاستوں سے لائے جاتے ہیں اور ان فیکٹریوں میںیہ بچے طویل عرصے سے کام کررہے تھے۔ شیکھر مہاجن نے یہ بھی بتایا کہ ان بچوں سے فیکٹری مالکان کے ذریعہ 12گھنٹوں سے زیادہ کام کرایا جاتا تھا جس کے عوض میں انہیں صرف 100روپے سے 150روپے دہاڑی دی جاتی تھی۔ ایس ڈی ایم نے بتایا کہ اس طرح کے استحصال کے سبب بچوں کے جسمانی اور ذہنی نشو ونما پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ سہیوگ کیئر نے لیبر ڈپارٹمنٹ اور ضلع ایس ڈی ایم رنجیب سنگھ سے ان بچوں کے لیے تنخواہ اور معاوضہ کی مانگ کے ساتھ فیکٹریوں کو سیل کرکے مالکان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے۔
فیکٹریوں سے آزاد کرائے گئے 24بچہ مزدور
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS