دہلی میں نوجوان کو لاٹھی ڈنڈوں سے پیٹا، اسپتال پہنچتے ہی موت

0

نئی دہلی (ایجنسیاں)دہلی کے ڈابڑی علاقہ سے ایک ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جہاں کچھ لوگوں نے مل کر 20 سال کے ایک نوجوان کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا۔ اتنا ہی نہیں ملزمان نے اس لنچنگ کا ویڈیو بھی بنوایا اور اسے وائرل بھی کردیا۔ واقعہ سامنے آتے ہی ڈابڑی تھانہ میں کہرام مچ گیا۔ رپورٹس کے مطابق کچھ لوگوں کواس معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ دراصل یہ واقعہ دہلی کے ڈابڑی علاقہ کا ہے۔ پولیس کے مطابق نوجوان کا نام کرشنا ہے۔ ہولی کے وقت اس لڑکے کا سورج نام کے لڑکے سے کسی بات کو لے کر تنازع ہوا تھا۔ اسی کا بدلہ لینے کے لیے اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ اس واردات کو انجام دیا ہے۔ واقعہ 23 اپریل کا ہے اور اس واقعہ کا ویڈیو اب وائرل ہورہا ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ نوجوان اس لڑکے کو اس کے گھر سے اٹھاکر لے کر گئے تھے اور اس کو پیٹ پیٹ کر نیم مردہ کردیا۔ زخمی نوجوان کو 24 اپریل کو پہلے دین دیال اسپتال میں اور اس کے بعد صفدرجنگ اسپتال میں داخل کرایاگیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ بتایا جارہا ہے کہ معاملے میں آئی پی سی کی دفعہ 308 کے تحت معاملہ درج کیاگیا تھا، جس کو بعد میں دفعہ302 کے تحت تبدیل کردیا گیا ہے۔ ابھی تک 9 لوگوں کو گرفتار کیاگیا ہے، جس میں سے 4 نابالغ ہیں۔ نابالغوں کے خلاف جووینائل جسٹس ایکٹ کے تحت کارروائی کی گئی ہے اور دیگر 5 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیاگیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS