دہلی کے عوام کو وزرا اور افسران جیسی سہولتوں کی فراہمی اور سختی سے بدعنوانی کو اکھاڑ پھینکنے میں کامیابی کا دعویٰ
نئی دہلی (ایس این بی) :کجریوال سرکار 2.0کے موجودہ مدت کار کے 2 سال پورے ہوگئے ہیں۔ جب سے آپ سرکار نے دہلی کی کمان سنبھالی ہے تاریخی کام ہورہے ہیں۔ کجریوال سرکار انفرااسٹرکچر کو مضبوط کرنے پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ 2015 سے اب تک دہلی سرکار نے دہلی میں 34فٹ اوور برج بنائے ہیں جبکہ 13ایف او بی زیر تعمیر ہیں۔اسی طرح 2015کے بعد سے اب تک 27 فلائی اوور بنائے جا چکے ہیں۔اس میں ریمپ ،فلائی اوور ایکسٹینشن اور انڈر پاس شامل ہیں ۔
وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کا کہنا ہے کہ پہلے ہر کام میں بدعنوانی ہوتی تھی۔ افسران سے لے کر ملازمین تک اور سنتری سے لے کر منتری تک سبھی اس بدعنوانی کا حصہ تھے۔اس وجہ سے کم لاگت والے پروجیکٹ بھی بہت زیادہ لاگت کے ہوجاتے تھے۔جب سے ہم نے دہلی کی کمان سنبھالی ہے ،تب سے ہم نے دہلی میں چل رہے پروجیکٹ کو وقت سے پہلے پورا کیا ہے اور ٹیکس کے طور پر عوام سے ملے کروڑوں روپے کو بچایا ہے۔ کجریوال نے کہا کہ مثال کے طور پر مدھوبن چوک سے مکربہ چوک کوریڈور بنانے کی امکانی لاگت تقریباً 422 کروڑ روپے تھی۔ سرکار نے اسے 297 کروڑ روپے میں ہی وقت سے پہلے پورا کر لیا اور 125 کروڑ روپے بچا لیے۔ اس طرح کئی پروجیکٹ میں سرکار نے کروڑوں روپے کی بچت کی اور اسی پیسہ سے دہلی کے عوام کو مفت بجلی، پانی ،تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ ’آپ‘ سرکار دہلی میں بدعنوانی پر لگام لگا کر عوام کو منتری اور افسران والی سہولتیں دے رہی ہے۔ اسی طرح منگولپوری سے مدھو بن چوک فلائی اوور کا کام 423 کروڑ روپے میں ہونا تھا۔ اسے وقت سے پہلے پورا کیا گیا اور صرف 323 کروڑ روپے ہی خرچ ہوئے۔ اس میں 100 کروڑ کی بچت ہوئی۔ وکاس پوری سے میرا باغ ایلیویٹیڈ کوریڈور کو 560 کروڑ روپے میں بنایا جانا تھا۔ اسے بھی وقت سے اور صرف 460 کروڑ میں پورا کرکے تقریباً 100کروڑ روپے کی بچت کی۔ پریم باڑی پل سے آزاد پور کے لئے 247کروڑ روپے کی لاگت سے کوریڈور بنایا جانا تھا ۔سرکار نے اسے صرف 137کروڑ روپے میں پورا کرکے 110 کروڑ روپے کی بچت کی ۔ مشرقی دہلی کے سب سے مصروف علاقوں میں سے ایک شاستری پارک اور سیلم پور میں بنے فلائی اوور کیلئے تقریباً 303کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے۔ اسے بھی رکارڈ وقت میں پورا کر صرف 250 کروڑ روپے میں بنا دیا گیا اور اس میں 53کروڑ روپے کی بچت ہوئی ۔مشری دہلی کے ہی جگت پوری علاقہ میں روڈ بنائے گئے فلائی اوور کو 80کروڑ میں بننا تھا ۔اس میں کچھ تکنیکی بدلائو کر صرف 72 کروڑ روپے میں ہی پورا کر لیا گیا اور 8کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔اس کے علاوہ بھلسوا فلائی اوور کو بنانے پر 65کروڑ روپے خرچ ہونے کا امکان تھا ،جسے 45کروڑ روپے میں بنا کر تقریباً 20کروڑ روپے کی بچت کی گئی۔ براڑی فلائی اوور کو 57کروڑ کے بجائے 42کروڑ روپے میں بنا کر 15 کروڑ روپے کی بچت کی گئی۔ مکند پور چوک فلائی اوور میں 12 کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔ اسے 62کروڑ روپے میں بنایا جانا تھا لیکن صرف 50کروڑ روپے میں ہی پورا کرلیا گیا۔ میور وہار کے پاس بنے فلائی اوور کو 50کروڑ روپے کی جگہ 45کروڑ روپے میں بنا کر 5کروڑ روپے بچائے گئے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS