جموں و کشمیر کے 16امیدوارسول سروسز امتحانات میں کامیاب

    0

    سری نگر:یونین پبلک سروس کمیشن کے تحت منعقد ہونے والے سول سروسزمسابقتی امتحانات سال 2019 میں جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے کم از کم 16 امیدواروں نے کامیابی کا جھنڈا گاڑدیا ہے جس سے یہاں کے طلبامیں انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کے بیچ بھی کامیابی کی سیڑھیاں طے کرنے کا حوصلہ بڑھ گیا ہے۔
    یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) نے منگل کے روز سول سروسزامتحانات 2019 میں کامیابی سے ہمکنارہونے والے 829 امیدواروں کی ایک فہرست منظر عام پرلائی جس میں سابق ریاست جموں وکشمیر کے 16 امیدوار شامل ہیں جن میں سے دو کا تعلق لداخ سے ہے۔
    بتادیں کہ یو پی ایس سی ہرسال انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس،انڈین فارن سروس،انڈین پولیس سروس و دیگر مرکزی سروسز کے لئے سول سروسزمسابقتی امتحانات کا انعقاد کرتی ہے جن میں امیدواروں کو چنا جاتا ہے۔
    یو پی ایس سی کی طرف سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق  سال رواں سے سول سروسز امتحانات 2020 میں حصہ لینے والے ان امید واروں کو عمر کی حد میں کوئی تخفیف نہیں دی جائے گی جو جموں وکشمیر کے سال 1980 سے 1989 کے ڈومیسائل ہوں۔
    سال گزشتہ کی نوٹیفکیشن کے مطابق ان امیدواروں کی عمر کی مقررہ حد،جو 32 سال ہے،میں مزید پانچ سال کا اضافہ کیا گیا تھا جو یکم جنوری 1980 سے 31 دسمبر 1989 تک جموں وکشمیر کے ڈومیسائل رہے ہوں۔
    سول سروس امتحانات 2020 سال رواں کے 31 مئی کو منعقد ہونا طے تھے لیکن کورونا وبا پھوٹنے کی وجہ سے اس کو موخرکردیا گیا اورامتحانات کی نئی تاریخ 4 اکتوبر مقررکی گئی ہے۔
    دریں اثنا تیزرفتارانٹرنیٹ خدمات کی معطلی کے بیچ بھی جموں وکشمیر کے قریب سولہ امیدواروں کی کامیابی سے یہاں کے طلبا میں تعلیمی منازل طے کرنے کا حوصلہ مل گیا ہے۔ایک طالب علم نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ان طلبا کی کامیابی سے مجھے حوصلہ ملاہے کیونکہ میں بھی سول سروس امتحانات کے لئے تیاری کررہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات سے میری حوصلہ شکنی ہوئی تھی لیکن اب ایک بار پھرمیں جوش وجذبہ کے ساتھ پڑھائی شروع کروں گا۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS