نئی دہلی (ایجنسی): مدھیہ پردیش میں ریوا کے قریب نیشنل ہائی وے30 پر جمعہ کی رات ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ بس اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں 15 مسافر جاں بحق ہوگئے۔ 40 سے زائد مسافر زخمی ہیں۔ مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
یہ حادثہ ریوا سے 70 کلومیٹر دور سوہاگی پہاڑی پر جمعہ کی رات 11.30 بجے پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق بس پہاڑ سے اترتے ہوئے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے وقت بس کی رفتار بہت تیز تھی۔ بس حیدرآباد سے گورکھپور جارہی تھی۔ اس میں 55 افراد سوار تھے۔ مرنے والوں میں سے زیادہ تر کا تعلق اتر پردیش سے بتایا جاتا ہے۔ زخمیوں میں زیادہ تر مزدور ہیں۔ ہر کوئی دیوالی منا کر گھر لوٹ رہا تھا۔