عمر قید کی سزاپانے والے تلنگانہ کے 141قیدیوں کو رہا کردیاگیا

    0

        حیدرآباد: عمر قید کی سزاپانے والے تلنگانہ کے 141قیدیوں کو ریاست کی مختلف جیلوں سے رہا کردیاگیا۔ گاندھی جینتی کے موقع پرریاستی حکومت نے ان قیدیوں کی رہائی کے لئے احکامات جاری کئے تھے۔ حکومت کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ریاست کی مختلف جیلوں سے ان قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنایاگیا۔ حیدرآباد کی چنچل گوڑہ جیل کے مردوں کی جیل سے 13قیدیوں،خواتین کی جیل سے 15قیدیوں کی رہائی عمل میں لائی گئی۔ چرلہ پلی جیل سے 16قیدیوں،اوپن ایر جیل سے 25قیدیوں کو رہا کیاگیا۔ ورنگل جیل سے 30قیدیوں کو رہا کیاگیا۔دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات، نظام آبادایم ایل سی نشست کے ہونے والے انتخابات کے پیش نظران حلقوں کے قیدیوں کی رہائی کے کام کو ملتوی کیاگیا۔ کل شب ان قیدیوں کی رہائی عمل میں آئی۔ ان کے ارکان خاندان جیل پہنچے اور ان کو اپنے ساتھ لے گئے۔ قیدیوں کی رہائی کی فائل کوگورنر تمیلی سائی سوندراراجن نے منظوری دی تھی۔ حکومت کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق 66فیصد سزا کی تکمیل کرنے والے قیدیوں کو رہا کیاگیا۔ ورنگل جیل کے سپرنٹنڈنٹ مرلی بابو نے ان کی جیل سے رہا ہونے والے قیدیوں کو سماج میں بہتر زندگی گذارنے اور مستقبل میں کسی بھی قسم کی جرائم کی وارداتوں میں ملوث نہ ہونے کا حلف،گاندھی جی کے پورٹریٹ کے سامنے دلایا۔ اپنوں سے ملنے کے لئے قیدیوں کے رشتہ دار کل صبح ہی سے جیل کے سامنے ٹہرے رہے تاہم ان کے انتظار کی گھڑیاں کل شب اُس وقت ختم ہوئیں جب جیل سے ان کے رشتہ داروں کو رہا کردیاگیا۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS