نئی دہلی 🙁 یواین آئی) دہلی کی حکومت نے جان لیوا عالمی وبا کورونا وائرس’کووڈ19‘سے بچاؤ کی کوششوں کےطور پر قومی راجدھانی کے 14 اسپتال جن میں اندرپرستھ اپولو اور سر گنگارام اسپتال بھی ہیں،کو مکمل طور پر کووڈ -19 اسپتال میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ان اسپتالوں میں صرف کوروناوائرس سے متاثر مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔ دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کا اب ان اسپتالوں میں علاج معالجہ نہیں ہو سکے گا۔
اس کے علاوہ حکومت نے 115 پرائیویٹ اسپتالوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کورونا مریضوں کے لئے مزید بستروں کو محفوظ رکھے۔ حکومت نے 101 پرائیویٹ اسپتالوں کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ کوروناوائرس کا علاج شروع کرے اور اسپتال کی وارڈ صلاحیت کا 60 فیصد کورونا مریضوں کے لئے مختص کرے۔ اسی کے ساتھ ہی 19 پرائیویٹ اسپتالوں سے 80 فیصد اور 82 فیصد آئی سی یو بیڈ کورونا مریضوں کے لئے محفوظ رکھنے کو کہا گیا ہے۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے پیر کو قومی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر جائزہ میٹنگ بلائی جس میں دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین اور ریاست کے سکریٹری صحت کے علاوہ تمام اعلی افسران شریک تھے۔ میٹنگ کے دوران کجریوال نے کووڈ ۔19 سے متاثر مریضوں کے لئے اسپتال میں بستروں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔ اس کے ساتھ ہی14 اسپتالوں کو مکمل طور سے کوڈ ۔19 اسپتال میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔
ریاستی حکومت کی جانب سے جن اسپتالوں کو کووڈ اسپتال میں تبدیل کیا گیا ہے وہ مندرجہ ذیل ہیں:
1. اندرپرستھ اپولو اسپتال
2. ہولی فیملی اسپتال
3.سر گنگارام اسپتال
3. وینکٹیشوراسپتال
5. منی پال اسپتال
6. جے پورگولڈن اسپتال
7. ماتا چانن دیوی اسپتال
8. پشپاوتی سنگھانیا اسپتال
9. سروج سپراسپیشلئٹی اسپتال
10. مہاراجہ اگرسین ہسپتال ، پنجابی باغ
11. میکس سپراسپیشلئٹی اسپتال ، شالیمار باغ
12. فورٹس اسپتال، شالیمار باغ
13. میکس اسمارٹ سپراسپیشلئٹی اسپتال ، ساکیت
14. سری بالاجی ایکشن میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ، پشچم وہار
یہ بات قابل ذکر ہے کہ دہلی کے محکمہ صحت کی طرف سے پیر کے روز بلیٹن کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 11،491 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مہلک ترین کوروناوائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 7،36،688 ہوگئی ہے، جبکہ 7،665 مزید مریضوں کو کورونا سے شفایابی ملنے کے بعد قومی راجدھانی میں صحت مند مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 6،87،238 ہوگئی۔ قومی دارالحکومت میں مریضوں کی شفایابی کی شرح آج 93.28 فیصد پر آگئی ہے۔
اسی عرصے کے دوران مزید 72 مریضوں کی موت سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 11،355 تک ہو گئی ہے۔ قومی دارالحکومت میں اموات کی شرح 1.54 فیصد ہے۔ موذی کورونا سے مرنے والوں کے معاملے میں دہلی ملک میں چوتھے مقام پر ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہاں 92،397 نمونوں کا ٹسٹ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی اب تک کی جانے والی جانچوں کی تعداد 2.14 کروڑ کو عبور کر چکی ہے۔ قومی راجدھانی میں فی 8 لاکھ آبادی میں اوسطا ٹسٹ 8،23،717 ہے۔
دریں اثنا ،دہلی میں ممنوعہ علاقوں کی تعداد 6،175 ہوگئی ہے۔
اندرپرستھ اپولو،سرگنگا رام سمیت14اسپتال کووڈ اسپتال میں تبدیل
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS