ہو جو چشم کرم یا رسول خداؐ دُور ہو جائیں غم یا رسول خداؐ

0

ہو جو چشم کرم یا رسول خداؐ
دُور ہو جائیں غم یا رسول خداؐ
آپ جیسا ہوا ہے نہ ہوگا کوئی
محترم محتشم یا رسول خداؐ
غم ہیں سارے زمانے کے گھیرے ہوئے
اور تنہا ہیں ہم یا رسول خداؐ
آپؐ کا ہو اشارہ تو ساحل بنے
موجِ طوفان غم یا رسول خداؐ
ہوں بھلا کیسے طئے زیست کی منزلیں
تھک چکے ہیں قدم یا رسول خداؐ
کوئی رہبر نہیں ہے جو سلجھا سکے
راہ کے پیچ و خم یا رسول خداؐ
کیسے طئے ہوں بھلا سخت تر مرحلے
زندگانی ہے کم یا رسول خداؐ
زہر سا ہے فضائوں میں پھیلا ہوا
اب تو گھٹتا ہے دَم یا رسول خداؐ
آرزو ہے زباں پر ہو نام آپ کا
اور نکل جائے دم یا رسول خداؐ
چشمِ رحمت خدارا ضیاءؔ پر بھی ہو
سرور محترم یا رسول خداؐ

ضیاء قادری اجمیری ،حیدرآباد
٭٭

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS