ترک صدر کیلئے نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر خاتون صحافی گرفتار

0
www.bbc.com

انقرہ(ایجنسیاں) : ترک پولیس نے صدر رجب طیب اردوان کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر خاتون صحافی صدف کباس کو حراست میں لے لیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک پولیس نے صحافی صدف کباس کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا ہے۔ خاتون صحافی کی گرفتاری عدالتی حکم پر ایک ٹی وی پروگرام اور ٹوئٹ میں صدر طیب اردوان کی بے عزتی کرنے کے الزام میں عمل میں لائی گئی۔ خاتون صحافی نے ایک ٹی وی چینل پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ایک محاورہ استعمال کیا جو بعد میں انھوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’’جب بیل محل پر چڑھتا ہے تو وہ بادشاہ نہیں بن جاتا بلکہ محل کھلیان بن جاتا ہے۔‘‘صدف کباس کی ٹوئٹ کے جواب میں ترکی کے کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ نے کہا تھا کہ صدارت کے دفتر کا اعزاز ہمارے ملک کا فخر ہے، میں اپنے صدر اور ان کے دفتر کے خلاف کیے جانے والے بے ہودہ تبصرے کی مذمت کرتا ہوں۔ترکی کے وزیر انصاف عبدالحمیت گل نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ صحافی صدف کباس کو اپنے غیر قانونی الفاظ کے لیے وہ ملے گا جس کی وہ حق دار ہیں۔واضح رہے کہ ترکی میں گفتگو اور تحریر میں صدر طیب اردوان کے حفظ مراتب کا خیال نہ رکھنا قابل گرفت جرم ہے جس کی سزا 4 سال قید تک ہوسکتی ہے۔ قانون کے نفاذ کے سال 2014 سے تاحال 1 لاکھ 60 ہزار 169 افراد کی تفتیش کی گئی جن میں سے 35 ہزار 507 پر مقدمات بنائے گئے اور 12 ہزار 881 کو سزائیں سنائی گئیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS